دنیا کی نامور کمپنی ایپل انکارپوریشن نے اپنے صارفین کے لیے آئی فون 13 جیسے فیچر کا حامل سستا موبائل فون متعارف کروادیا۔
غیر ملکی ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق ایپل نے حال ہی میں خصوصی ایڈیشن رواں سال کے پہلے ایونٹ میں متعارف کروایا۔
خیال رہے کہ یہ ایپل کی جانب سے دو سال بعد اپنے فون کا خصوصی ایڈیشن ہے، اس سے قبل وہ 2020 میں بھی اسی طرح کا فون لاؤنچ کرچکا ہے جبکہ پہلا خصوصی ایڈیشن 2016 میں آیا تھا۔
اس ایڈیشن کو متعارف کروانے کا مقصد ایپل کی جانب سے ایسے صارفین کو متوجہ کرنا ہے جو آسانی سے اس کمپنی کے موبائل فون کو خرید سکیں۔
نیا خصوصی ایڈیشن کا فون دیکھنے میں تو 2020 کے خصوصی ایڈیشن جیسا ہی دکھائی دیتا ہے جس کی اسکرین 4.7 انچ ہے، اس میں میں اے 15 بائیونک چپ سیٹ لگی ہوئی ہے جو آئی فون 13 سیریز میں بھی موجود ہے۔
یہ فون 64 جی بی، 128 جی بی اور 256 جی بی میموری کے ساتھ سامنے آئے گا۔
اس کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ اس کی قیمت 575 امریکی ڈالر (یعنی ایک لاکھ پاکستانی روپے) سے زائد ہوگی۔
اس ماڈل کے آئی فون فائیو جی صلاحیت کے حامل ہوں گے اور یہ اس ٹیکنالوجی کو چلانے والے سب سے سستے آئی فون بھی ہوں گے۔
اس کے کیمرے کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس میں 12 میگا پکسل کا بیک کیمرہ جبکہ سیلفی کمیرہ 7 میگا پکسل کا ہے۔
آئی فون کے خصوصی ایڈیشن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس نے واٹر ریزسٹینس آئی پی 67 ریٹنگ برقرار رکھی ہوئی ہے، جو 2020 کے ماڈل میں بھی تھی۔
اس فون میں فیس آئی ڈی کا سلسلہ تو موجود نہیں ہے، لیکن ٹچ آئی ڈی سینسر موجود ہے جبکہ اس کے سامنے اور عقب والا گلاس بالکل آئی فون 13 سیریز کی طرح ہی ہے جسے ایپل نے اسمارٹ فونز میں سب سے مضبوط گلاس قرار دیا ہے۔