میڈیا کی عالمی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ رواں سال دنیا بھر میں قتل ہونے والے صحافیوں میں تقریباً نصف کی موت کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔
رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) کی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2024ء سے دسمبر 2025ء تک 12 مہینوں کے دوران اسرائیل صحافیوں کے لیے سب سے بڑا خطرہ ثابت ہوا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں سال دنیا بھر میں67 صحافی مارے گئے جبکہ گزشتہ سال صحافیوں کے قتل کی تعداد 66 تھی۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج نے 29 فلسطینی صحافیوں کو قتل کیا جو کہ اس سال دنیا بھر میں قتل ہونے والے صحافیوں کے مجموعی اعداد و شمار کا 43 فیصد بنتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال سب سے خوفناک حملہ 25 اگست کو جنوبی غزہ کے ایک اسپتال پر کیا گیا جس میں 5 صحافی جاں بحق ہوئے، ہلاک ہونے والے صحافیوں میں 2 بین الاقوامی نیوز ایجنسیوں رائٹرز اور ایسوسی ایٹڈ پریس کے معاون رپورٹر بھی شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں اکتوبر 2023ء میں اسرائیلی فوج کی جارحیت کے آغاز سے اب تک تقریباً 220 صحافی مارے جا چکے ہیں اور یہ مسلسل تیسرا سال ہے جب اسرائیل دنیا کا سب سے بڑا ’صحافی قاتل‘ ملک قرار پایا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میکسیکو 2025ء میں صحافیوں کے لیے گزشتہ 3 برسوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ خطرناک سال ثابت ہوا کیونکہ اس سال وہاں 9 صحافی ہلاک ہوئے، یوکرین میں 3 جبکہ خانہ جنگی سے تباہ شدہ سوڈان میں 4 صحافی قتل کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق یکم دسمبر 2025ء تک 47 ممالک میں 503 صحافیوں کو حراست میں لیا گیا۔