ممبئی (این این آئی)بولی وڈ اداکارہ امریتا راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شوہر انمول سے 2014 میں شادی کی تھی لیکن اسے منظرِ عام پر 2016 میں لائیں۔ جوڑے کے یوٹیوب شو ʼکپل آف تھنگزʼ کی تازہ ترین قسط میں امریتا اور انمول نے انکشاف کیا کہ ہم نے 2014 میں خفیہ طور پر شادی کی، تاہم اس کا اعلان 2016 میں کیا۔انہوں نے کہا اگرچہ انمول نے مجھے چند بار پرپوز کیا، لیکن میں ہر بار پیشکش کو ٹھکرا دیتی تھی۔میرا خیال تھا کہ اگر بروقت اپنی شادی کا اعلان کر دوںتو کیرئیر کے تباہ ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ بولی وڈ میں شادیوں کے بعد کیرئیر بیحد متاثر ہوتے ہیں۔بولی وڈ اداکارہ نے کہا کہ آج کے دور میں سوشل میڈیا کا استعمال بہت زیادہ ہے جہاں ہم اپنے خیالات کا بخوبی اظہار کرتے ہیں لیکن جب میری شادی ہوئی تو اْس وقت سوشل میڈیا کی طرف لوگوں کا زیادہ رجحان نہیں تھا۔اْنہوں نے کہا کہ اْس وقت افواہیں پھیلانا بہت آسان تھا اور پھر اْن افواہوں پر ردّعمل دینا بہت مشکل تھا لہٰذا ہم نے دو سال تک اپنی شادی خفیہ رکھی۔ امریتا راؤ نے کہا کہ اْن کے شوہر انمول نے پھر مشورہ دیا کہ وہ رازداری میں شادی کریں گے جس کے بعد وہ شادی کیلئے راضی ہوئیں۔انہوں نے 15مئی 2014 کو قریبی رشتے داروں کی موجودگی میں شادی کی تھی لیکن اْنہوں نے سال 2016 میں اپنی شادی کا اعلان کیا تھا اور سال 2020میں اْن کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی۔