گھر میں ہر آئے دن اسٹوریج کے لیے مزید جگہ کی ضرورت پیش آتی رہتی ہے لیکن محدود رقبہ کے باعث یہ ممکن نہیں ہوتا کہ ہر بار اس کے لیےمزید جگہ دستیاب ہو۔ ایسے میں ضرورت اس بات کی ہے کہ آپ اپنی کچھ تخلیقی صلاحیتیں استعمال کریں کیوں کہ اضافی اسٹوریج کے لیے آپ کے گھر کی دیواریں سب سے بہترین انتخاب ثابت ہوسکتی ہیں۔
انٹیریئر ڈیزائنرز، چھوٹی چھوٹی چیزوں کو اس قدر منظم انداز میں انجام دیتے ہیں اور دیواروں کے ایک ایک انچ کو اس قدر زبردست انداز میں استعمال کرنے کا ہنر جانتے ہیں کہ عام شخص کوخوشگوار حیرت کا احساس ہوتا ہے۔
ہم جانتے ہیں کہ آپ میں سے ہر شخص اپنے گھر کو خوب سے خوب تر سجانے کی خواہش تو ضرور رکھتا ہے، تاہم یہ ضروری نہیں کہ اس میں یہ کام خود انجام دینے کی صلاحیت بھی ہو۔ اس کے علاوہ، آج کے مصروف دور میں ہر شخص کے پاس اتنا وقت کہاں ہے کہ وہ گھر کی سجاوٹ کے آئیڈیاز پر بھی کام کرے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کو اس سلسلے میں کچھ آئیڈیاز دینے کے لیے ذیل میں کچھ مفید مشورے پیش کیے جارہے ہیں، جن پر عمل کرکے آپ اپنے گھر میں اضافی اسٹوریج کا مسئلہ بخوبی حل کرسکتے ہیں۔
وال شیلف
اگر آپ دیوار کے لیے صحیح شیلف کا انتخاب کرتے ہیں تو آپ بہت سی چھوٹی چھوٹی چیزوں کو خراب ہونے سے بچا سکتے ہیں۔ اس کے لیے صنعتی ڈیزائن ایک اچھا انتخاب ہوسکتا ہے۔ عقب سے دیوار کے ساتھ چپکا ہوا، بغیر کسی سپورٹ اور بڑی جگہ گھیرے بغیر آپ گھر میں کسی بھی مناسب جگہ پر دیوار کے ساتھ بہت سادہ اور دلکش انداز کا ڈسپلے وال ترتیب دے سکتے ہیں۔ اس میں آپ کئی چیزوں کو اچھی طرح سے ترتیب میں سجا کر رکھ سکتے ہیں۔
دلکش دیواری ڈبے
ہم دیواری ڈبوں کو بہت پسند کرتے ہیں کیوں کہ یہ بے پناہ خوبصورتی، دلکشی اور اختیاری دروازوں کے ساتھ اسٹوریج کے لیے بہت سی جگہ بھی دیتے ہیں، جس میں بہت سی چھوٹی چھوٹی چیزوں کو چُھپایا جا سکتا ہے۔ مربع شکل ہونے کی وجہ سے ان ڈبوں کو ماڈیولر نظام کے تحت مختلف شکلوں، اسٹائل اور ڈیزائنوں میں ترتیب دیا جاسکتا ہے۔ ان خوبصورت ڈبوں کے اندر آپ ان چیزوں کو بھی بڑے اعتماد کے ساتھ رکھ سکتے ہیں، جو کھلی جگہ پر رکھی ہوئی اچھی نہیں لگتیں۔
کچن ریک
آپ کا کچن چاہے کتنا ہی فعال اور جدید کیوں نہ ہو لیکن اگر اس میں اسٹوریج کی مناسب جگہ نہیں تو یہ آپ کے لیے بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔ ہمارے پاس ایک بہترین تجویز یہ ہے کہ آپ باورچی خانے کے برتنوں کے لیے دیوار میں اسٹوریج کا انتظام کریں۔ اس طریقہ کار سے نا صرف ضرورت کے برتن آپ کی دسترس میں رہیں گے بلکہ دیوار میں خوبصورت انداز میں محفوط بھی رہیں گے۔
سائیکل کی پارکنگ
کیا آپ سائیکل چلانا پسند کرتے ہیں ؟تو اپنی سائیکل کو بھی دیوار کے پاس لے جائیں۔ دن گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ ایک آرائشی ٹکڑے کی حیثیت اختیار کر جائے گا اور جب آپ اس کو چلانا چاہیں تو ہیلمٹ اُٹھائیں اور اس پر سوارہو جائیں۔ آپ سائیکل کے لیے ایک ریک کا انتخاب کریں اور اسے سائیکل کے لیے مختص کر دیں۔
پرندوں کا پنجرہ لٹکانا
یہ کتنا شاندار آئیڈیا ہے۔ بجائے اس کے کہ آپ پرندوں کے پنجرے کے لیے ایک معقول اور اچھی خاصی جگہ کو استعمال میں لائیں، اس پنجرے کو دیوار کے ساتھ لٹکانے کی تجویز نہایت اعلیٰ ہے۔ یہ ناصرف گھر میں دلکشی اور خوبصورتی کا باعث بنتا ہے بلکہ پرندوں کو بھی گھر میں بہترین جگہ فراہم کرتا ہے۔
دلچسپ باغ اور پودے
عمودی باغات کا رجحان بڑھ رہا ہے کیونکہ یہ ایک چھوٹی سی یا عجیب جگہ کو بہت سر سبز بنا دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ صرف چند پودوں کو گھر کی دیواروں میں لگا کر، آپ گھر کے اندر، باہر یا چھت پر شاندار پودوں سے لُطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
کافی ٹیبل کا متبادل
بجائے اس کہ آپ اپنے چھوٹے کمرے میں کافی اور چائے رکھنے کے لیے فرش پر ایک خصوصی جگہ بنائیں،ایک دیوار کے ساتھ مزین میز کو کافی ٹیبل یا کافی کارنر کے ساتھ ساتھ بہت سی چھوٹی چیزوں کو دلچسپ انداز میں اسٹور کرنے کی جگہ کے طور پر استعمال کریں۔ اس کے ساتھ ایسی میز کو خواب گاہ میں پلنگ کے اطراف کی میزوں کے طور پر بھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔
جدید مشروب رَیک
اگر آپ کو مشروب پسند ہیں تو آپ کو باورچی خانہ میں ایک ایسا ریک بنانا چاہیے، جس میں ان مشروبات کو خوبصورت انداز میں محفوظ کیا جا سکے۔ لہٰذا ہم یہ سوچ سکتے ہیں کہ دیوار پر مشروبات کا خصوصی رَیک، ایک کامل احساس ہے۔
مقناطیس کے ساتھ شاندار اسٹوریج
مقناطیسی بورڈ کا استعمال ایک شاندار تجویز ہے۔ اِسے آپ کے کچن یا گھر کی کسی مخصوص دیوار پر ضرور نصب ہونا چاہیے۔ اگر آپ کمرے میں چیزوں کی بے ترتیبی سے فکر مند ہیں تو اس مقناطیسی بورڈ کی مدد سے لوہے اور میٹل کی اشیا کو دلچسپ اندازمیں چسپاں کر دیں۔