ہواؤں کے رخ میں تبدیلی سے موسم بدلتے ہیں، موسمِ گرما کا آغاز ہوتے ہی کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
ہواؤں کے رخ میں تبدیلی سے شہرِ قائد کا موسم 15 مارچ تک گرم اور خشک رہے گا۔
کراچی میں عام دنوں میں چلنے والی سمندری ہوائیں موسم کو معتدل رکھتی ہیں، لیکن ان دنوں دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں معطل رہیں گی۔
شمال مغرب کی سمت سے چلنے والی میدانی علاقوں کی ہوائیں موسم گرم اور خشک رکھیں گی۔
15 مارچ تک شہر میں گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں دن میں سمندری ہوائیں معطل رہیں گی جبکہ شمال مغرب کی سمت سے گرم اور خشک ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
شہرِ قائد میں صبح میں درجۂ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
آج کراچی میں ہوا 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، جس میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہے۔
کراچی میں موسم خشک رہے گا اس لیے پسینہ بھی کم آئے گا، تاہم ماہرینِ صحت نے کراچی کے شہریوں کو حدت سے بچنے کے لیے سایہ دار جگہوں پر رہنے اور پانی کے زیادہ استعمال کا مشورہ دیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق صوبۂ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع صاف اور موسم خشک ہے۔
کوئٹہ میں کم سے کم درجۂ حرارت 11، قلات میں 9، ژوب، خضدار میں 12، لسبیلہ میں 15 اور پنجگور میں 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔