میک اپ آرٹسٹ سید حسین اپنے اس انکشاف کے ساتھ سامنے آئے ہیں کہ فوٹو شوٹ کے دوران ثناء جاوید کے ماڈل منال سلیم کے ساتھ بدتمیزی کا مظاہرہ کرنے کے الزامات درست ہیں۔
سید حسین نے انسٹاگرام کا رُخ کیا جہاں اُنہوں نے ایک طویل پوسٹ میں کہا کہ میں یہاں موجودہ صورتحال پر ایک باضابطہ بیان دینے آیا ہوں کیونکہ جس دن یہ واقعہ ہوا اس دن میں ان دونوں مشہور شخصیات کے لیے واحد میک اپ آرٹسٹ تھا اور ساتھ ہی ایک چشم دید گواہ تھا۔
میک اپ آرٹسٹ نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ اُس دن ماڈل منال سلیم سیٹ پر ثناء جاوید سے پہلے پہنچ گئی تھیں اور اُنہوں نے اپنا میک اوور شروع کروادیا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ جیسے ہی ثناء جاوید آئیں تو اُنہوں نے ماڈل منال کو کمرے سے نکالنے کو کہا، منال چلی گئیں جس کے بعد میرے اسسٹنٹ نے منال کا میک اوور مکمل کیا۔
سید حسین نے کہا کہ شوٹ کے درمیان میں ثناء جاوید نے منال کے شاٹس میں رکاوٹ ڈالی جس پر منال نے احتجاج کیا اور ثناء نے سخت الفاظ میں جواب دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ اس انڈسٹری کا حصہ ہونے کے ناطے میں اس طرح کے رویوں کی سختی سے مذمت کرتا ہوں، چاہے وہ کسی جونیئر آرٹسٹ کی ہو یا کسی مشہور شخصیت کی طرف سے۔
آخر میں اُنہوں نے کہا کہ کسی کو حق نہیں ہے کہ وہ کسی کو اپنے گھٹیا فقروں سے ذلیل کرے یا کسی کو اپنے غیر مہذب رویے سے نیچا دِکھائے۔
خیال رہے کہ پاکستانی فلم و ڈرامہ اداکارہ ثناء جاوید کے نامناسب رویے سے متعلق سوشل میڈیا پر اس وقت شوبز انڈسٹری کے دیگر فنکاروں کی جانب سے کی جانے والی متعدد پوسٹس وائرل ہیں۔
ثناء جاوید کے لیے سوشل میڈیا پر متعدد شوبز انڈسٹری کی شخصیات اپنے ناگوار تجربات سے متعلق پوسٹس شیئر کر کے اُن کے چھپے ہوئے دوسرے چہرے سے پردہ اٹھا رہے ہیں جن پر انٹرنیٹ صارفین حیران و پریشان نظر آ رہے ہیں۔
دوسری جانب ثنا جاوید نے معروف شخصیات کی جانب سے منفی رویے کے حوالے سے لگائے جانے والے الزامات پر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔