پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری کا کہنا ہے کہ عمران خان اب ڈرامے بازیاں بند کریں، اسپیکر اپنے بیانات کی وجہ سے پہلے ہی متنازعہ ہوگئے ہیں، کسی بھی ممبر کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔
شازیہ مری نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں فیصل کریم کنڈی اور ندیم افضل چن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے،تبدیلی سرکار کی نااہلی اور نالائقی نے عوام کو پریشان کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اور اس کے وزرا گالیوں اور دھمکیوں پر اتر آئے ہیں، تحریک انصاف اب تحریک انتشار ہوچکی ہے، یہ ملک 22 کروڑ عوام کا ہے، کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ ہم عمران نیازی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، حکومت گالیاں اور دھمکیاں دینے کے بجائے اپنے نمبرز پر فو کس کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے، پیپلز پارٹی نے جمہوریت اور آئین کے تحفظ کیلئے قربانیاں دی ہیں۔