چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری ایک روز قبل اسلام آباد کے ایک تھیٹر میں فلم دیکھنے پہنچ گئے۔
وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو ہٹانے کے لیے جہاں ملک میں سیاسی گہما گہمی عروج پر ہے وہیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ فلم دیکھی۔
پارٹی رہنما نبیل گبول نے بلال بھٹو زرداری کے ہمراہ تھیٹر میں اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خورشید شاہ، شیری رحمان، شازیہ مری، نبیل گبول، فیصل کریم کنڈی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود ہیں۔
اپنی پوسٹ میں نبیل گبول نے تحریر کیا کہ چیئرمین پی پی پی اپنی جماعت کے اراکین قومی اسمبلی کے ہمراہ اسلام آباد کے ایک تھیٹر میں فلم دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی تحریر کیا کہ بلال کے چہرے پر اعتماد نظر آرہا ہے جبکہ دوسری جانب عمران خان اپنے مستقبل کو لے کر پریشان ہیں۔
ان کے علاوہ پارٹی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے بھی انسٹاگرام اسٹوری پر بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ فلم دیکھنے کی تصویر شیئر کی اور ساتھ میں تحریر کیا کہ یہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ فلم دیکھنے کا وقت ہے۔
فلم سے متعلق امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد کے تھیٹر میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فلم ’دی بیٹ مین‘ دیکھی ہے۔