جاپان کے بحر الکاہلی ساحل سے قریب سمندر میں 7.4 میگنی چیُوڈ کا زلزلہ آنے سے 3 افراد ہلاک اور تقریباً 200 زخمی ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی ساحلی علاقے کے لیے تسونامی کا انتباہ جاری کیا جسے بعد ازاں اٹھا لیا گیا۔
زلزلہ بدھ کی شب تقریباً 11:30 پر آیا، صفر سے 7 کے جاپانی زلزلہ پیما پر اس کی زیادہ سے زیادہ شدت 6 پلس تھی، اندازے کے مطابق زلزلے کا مرکز 57 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا، تقریباً پورے ہی مشرقی جاپان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
میاگی پریفیکچر کی ایشینوماکی بندرگاہ سے 30 سینٹی میٹر تک کی تسونامی کی لہریں ٹکرائیں، فوکوشیما اور میاگی پریفیکچروں کے ساحلی علاقوں سے سیکڑوں افراد نے پناہ گاہوں میں انخلا کیا، ڈھانچہ جاتی نقصانات اور آگ لگنے کی بھی اطلاعات ملیں۔
زلزلے سے تقریباً 20 لاکھ سے زائد گھرانوں میں بجلی چلی گئی اور ٹرین سروسز میں خلل پڑا۔
ایسٹ جاپان ریلوے کا کہنا ہے کہ توہوکُو شینکانسین بُلٹ ٹرین کی ایک ریل گاڑی کے 17 میں سے 16 ڈبے، فوکوشیما اور شیروئی شیزاؤ اسٹیشنوں کے درمیان پٹڑی سے اتر گئے ہیں۔
ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی کا کہنا ہے کہ فوکوشیما دائی ایچی ایٹمی بجلی گھر میں کوئی بڑا مسئلہ یا نقص پیدا نہیں ہوا ہے۔ یہ پلانٹ 2011 کے سانحہ میں ناکارہ ہو گیا تھا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ فوکوشیما دائی نی پلانٹ کے دو ری ایکٹروں کی عمارات میں استعمال شدہ ایندھن ذخیرہ کرنے والے تالابوں کے واٹر پمپوں نے عارضی طور پر کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔