• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس یوکرین تنازع: امریکی باسکٹ بال کھلاڑی کو روس میں حراست میں لے لیا گیا

فوٹو، فائل
فوٹو، فائل

روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کے دوران روسی فیڈرل کسٹمز سروس نے امریکی باسکٹ بال کھلاڑی برٹنی گرائنر کو حراست میں لے لیا ہے۔

برطانوی اخبار دی گارڈین کی خبر کے مطابق، ،نامور امریکی باسکٹ بال کھلاڑی، برٹنی گرائنر کو روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کے دوران روس میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، باسکٹ بال کی عظیم ترین خاتون کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ڈبل اولمپک چیمپئن برٹنی گرائنر کو روسی فیڈرل کسٹمز سروس نے ماسکو کے قریب ایک ہوائی اڈے پر سامان میں سے چرس برآمد ہونے کے بعد حراست میں لیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ منشیات سونگھنے والے کتوں نےبرٹنی کی نیویارک سے آمد کے بعد ان کے سامان میں نشہ آور ادویات کی ممکنہ موجودگی کی نشاندہی کی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ برٹنی کے سامان کی تلاشی لینے پر منشیات برآمد ہوئیں جو کہ روسی قانون کے تحت جرم ہے۔

روسی فیڈرل کسٹمز سروس کی جانب سے اس واقعہ کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس میں روسی کسٹمز حکام کو باسکٹ بال کھلاڑی کے سامان کی تلاشی لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ برٹنی گرائنر کے پاس قابل ذکر کامیابیوں کی ایک طویل فہرست ہے جس میں سات بار ویمنز نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (WNBA)  آل سٹار بننا اور 2014 میں لیڈنگ فرنچائز فینکس مرکری(Phoenix Mercury) کو تیسری بار چیمپئن شپ کا ٹائٹل دلوانا شامل ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید