• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزيشن پوری قوت سے متحد ہوکر عمران خان پر حملہ کرے، گورنر سندھ کا چیلنج


گورنر سند عمران اسماعیل نے اپوزيشن کو چیلنج دیا ہے کہ اب عدم اعتماد کا حملہ کیا ہے تو عمران خان پر متحد ہوکر پوری قوت سے حملہ کرنا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران اسماعیل نے کہا کہ اگر عمران خان اس عدم اعتماد سے بچ گئے، تو پھر آپ کوچھوڑیں گے نہیں، چن چن کر ماریں گے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس میں ہارس ٹریڈنگ چل رہی ہے، خرید و فروخت کا بازار لگا ہوا ہے، امید ہے اتحادی تحریک انصاف کا ساتھ دیں گے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے فرمایا وزیراعظم کو ’ابسولیوٹلی ناٹ‘ نہیں کہنا چاہیے تھا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ایک طرف سچ ہے دوسری طرف جھوٹ ہے، دیکھنا یہ ہے کہ کون کہاں کھڑا ہوتا ہے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان غیرت مند لیڈر ہیں، عمران خان قومی خودداری کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اتحادیوں نے ابھی فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس طرف جائیں گے، مجھے امید ہے ہمارے اتحادی تحریک انصاف کا ساتھ دیں گے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس 172 لوگوں کا نمبر پورا ہے، سندھ ہاؤس میں ہارس ٹریڈنگ چل رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید