• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کے بعد حملہ کیا تو پی ٹی آئی اراکین کے گھر بھی محفوظ نہیں رہیں گے ، رانا ثناء


پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے احتجاج پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر آج کے بعد ایسا کیا تو آپ کے اراکین کے گھر بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ کسی جگہ پر بھی پی ٹی آئی مظاہرین کی تعداد 60، 70 سے زیادہ نہیں، آج جو کرلیا، کرلیا، آج کے بعد ایسا کیا تو آپ کے ارکان کے گھر بھی محفوظ نہیں رہیں گے، یہ سلسلہ جاری رہا تو پتھر کا جواب پتھر سے دیں گے۔

 رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ہم بتائیں گے انسانوں کا سمندر کیا ہوتا ہے، ہمارا قافلہ راستے میں دو راتیں پڑاؤ کرے گا، انسانوں کا سمندر 27 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا، رزلٹ لے کر اسلام آباد سے واپس جائیں گے۔

 رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اسپیکر لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں، ووٹ ڈالنے سے پہلے کسی ممبر کےخلاف کارروائی نہیں ہوسکتی، بزور طاقت بھی روکیں گے آئین و قانونی طریقہ کار بھی استعمال کریں گے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ شیخ رشید کا لہجہ اب دھیما ہوگیا، پنڈی کے شیطان اور جہلم کے ڈبو کو مناظرے کا چیلنج دیتا ہوں، ثبوت لائیں کس رکن نے پیسے لیے ہیں، ارکان نے حلقے کے عوام کے دباؤ پر نا لائق ٹولے کو گرانے کا فیصلہ کیا، ڈھٹائی اور بے شرمی سے الزامات لگا کر سیاست و جمہوریت کو گندا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے کسی رکن کو کوئی آفر نہیں کی، بیسیوں ارکان کا فیصلہ ہے اگلا الیکشن پی ٹی آئی ٹکٹ پر نہیں لڑیں گے، نہ ان کی دھمکیاں کام آئیں گی نہ منت سماجت کام کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید