• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رئیل اسٹیٹ انڈسٹری عام مسائل کے متحرک حل تلاش کرنے کے لیے بالکل بھی نہیں پہچانی جاتی۔ ایسے میں کچھ ریئل اسٹیٹ کمپنیاں جب اس شعبہ کے کچھ حل طلب مسائل نمٹانے کے لیے اختراعی تصور لے کر آتی ہیں تو دنیا کو خوشگوار حیرانی ہوتی ہے۔ ایسا ہی ایک اختراعی تصور اور اسے عملی جامہ ایک بین الاقوامی ریئل اسٹیٹ کمپنی ’ٹرائیپا لنِک‘ نے متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد Co-living کو آسان بنانا ہے۔ اس سلسلے میں ریئل اسٹیٹ کمپنی نے رہائش میں شراکت کے لیے اپارٹمنٹ تیار کیے ہیں۔ کمپنی یہ اپارٹمنٹ ناصرف خود تعمیر کررہی ہے بلکہ اس کے انتظامی معاملات بھی اس نے اپنے ذمہ لیے ہیں تاکہ ان کا معیار قائم رکھا جاسکے۔

رہائش میں شراکت والے اپارٹمنٹس سے مراد ایسے اپارٹمنٹس ہیں جہاں ایک ہی چھت کے تلے کئی افراد رہتے اور جگہ شیئر کرتے ہیں لیکن انھیں بیڈ روم اور باتھ روم کی پرائیویسی کی سہولت حاصل ہوتی ہے۔ ایسے اپارٹمنٹس ان افراد اور نوجوانوں کے لیے موزوں رہتے ہیں جو رہنے کے لیے ایک ’اسٹینڈرڈ اپارٹمنٹ‘ کا کرایہ برداشت نہیں کرسکتے۔

ڈان گاؤلی اس ریئل اسٹیٹ کمپنی کے بانی چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں اور انھیں ایسے اپارٹمنٹ تیار کرنے کا خیال اس وقت آیا جب یونیورسٹی میں بطور انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ تعلیم حاصل کرنے کے دوران انھیں اپنی رہائش کے لیے کرایہ پر اپارٹمنٹ حاصل کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ وہ کہتے ہیں، ’’بین الاقوامی طالب علموں کی طرح جب میں خود بھی چین پہنچا تو میں کسی مضافاتی مقام پر رہائش کا بندوبست کرنے کی تگ و دو میں مصروف تھا لیکن تعلیمی ضروریات اور وہاں اجنبی ہونے کی وجہ سے میرے لیے لینڈ لارڈز اور مینجمنٹ کے ساتھ بات چیت کرنا کافی مشکل طلب کام تھا۔ 

بالآخر میں ایک سنگل فیملی روم میں اپنے لیے جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا، جو سات بیڈ روم اور دو باتھ روم پر مشتمل تھا۔ میں اپنی رہائش کا ماہانہ کرایہ 750 ڈالر ادا کر رہا تھا اور اس میں باقی کچھ بھی شامل نہیں تھا، یہاں تک کہ فرنیچر بھی نہیں۔ میری کوئی کریڈٹ ہسٹری نہیں تھی اور ناہی سوشل سیکیورٹی نمبر تھا، اس لیے مجھے اپنے ایک دوست سے درخواست کرنا پڑی کہ وہ میری لیز دستاویز پر دستخط کرے اور انٹرنیشنل ٹرانسفر کے ذریعے سیکیورٹی ڈپازٹ اور ایک مہینے کا کرایہ ادا کرے‘‘۔

ٹرائیپا لنک کے پاس اس وقت وینچر کیپٹل فنڈنگ میں 50ملین ڈالر کے اثاثے ہوچکے ہیں اور اس کے ’کو-لیونگ‘ اپارٹمنٹ منصوبے لاس اینجلس، پٹس برگ، سیئاٹل، فلاڈیلفیا، اِرون اور ٹکسن میں پہلے ہی موجود ہیں، جب کہ کمپنی کے مزید کئی شہروں میں ایسے منصوبے جلد شروع ہوجائیں گے۔ ٹرائیپالنِک ان چند رئیل اسٹیٹ برانڈز میں سے ایک ہے، جو اپنے کرایہ دار کے مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی ایونٹس کے ساتھ مطلوبہ سہولتیں کی پیشکش کرکے حقیقی کمیونٹیز تخلیق کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

ٹرائیپالنک کے رہائش میں شراکت والے اپارٹمنٹس ایک عام رہائشی سہولت سے زیادہ وضع دار رہائش گاہوں کی طرح نظر آتے اور محسوس ہوتے ہیں۔

یہ اپارٹمنٹ کوارٹز کاؤنٹر ٹاپس اور اسٹین لیس سٹیل کے آلات جیسے اعلیٰ درجے کے فنش سے مزین ہیں، یہاں تک کہ ہفتہ وار صفائی کی خدمات بھی کرایہ کے ساتھ شامل ہیں۔ یہاں تک کہ کچھ عمارتوں میں سوئمنگ پول، اشتراک میں کام کرنے کی جگہیں اور جم بھی ہیں۔

لی نے جب یہ منصوبہ شروع کیا تو انھیں اپنے دورِ طالب علمی میں درپیش مسائل ذہن نشین تھے اور ان کا منصوبہ یہی تھا کہ اب کسی بین الاقوامی طالب علم کو دوبارہ ایسے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وہ کہتے ہیں، ’’میں نے جب یہ ریئل اسٹیٹ کمپنی شروع کی تو میرا مقصد رہائش میں شراکت کے متلاشی افراد کو پرتعیش رہائش فراہم کرنا نہیں تھا لیکن میں یہ ضرور چاہتا تھا کہ معیاری رہائش حاصل کرنا ان کا بنیادی حق ہے۔ 

اس لیے جب میں نے اپنے منصوبے ڈیزائن کروانا شروع کیے تو ان میں ہر مکین کے لیے پرائیویسی کے ساتھ ساتھ گروپ میں بیٹھ کر وقت گزارنے کا خصوصی طور پر خیال رکھا گیا، ساتھ ہی میں نے عمارت کی دیگر خدمات پر بھی اضافی توجہ دی جیسے صفائی ستھرائی کے انتظامات وغیرہ‘‘۔

ٹائیپالنک کے رہائش میں شراکت کے اپارٹمنٹ پروجیکٹس زیادہ تر یونیورسٹیز کے قریب اور ڈاؤن ٹاؤن ایریاز میں بنائے گئے ہیں، کیوں کہ یہی وہ مقامات ہیں جہاں نوجوانوں کو مشترکہ رہائش کی سہولتیں دینے والے اپارٹمنٹس کی زیادہ تلاش ہوتی ہے۔

لی اب اپنےان ریئل اسٹیٹ منصوبوں اور وہاں رہنے والی کمیونٹی کے لیے ایک ’اِن ہاؤس‘ اور ’آل اِن وَن‘ ایپ بنانا چاہتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ ان کے پروجیکٹ میں رہنے والے مکینوں کو ڈیجیٹل دنیا کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ 

یہ ایک ایسی ایپ ہوگی جہاں مکین اپنے ماہانہ کرایہ جات کی ادائیگی کا ریکارڈ مرتب کرسکیں گے، مینٹیننس کی درخواستیں جمع کراسکیں گے، ساتھ ہی کمیونٹی اراکین کے درمیان بات چیت کا پلیٹ فارم میسر آئےگا اور وہ کمیونٹی ایونٹس کے لیے سائن اَپ ہوسکیں گے۔ مزید برآں، وہ متوقع کرایہ داروں کے لیے اپارٹمنٹ حاصل کرنے اور وہاں رہنے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ٹیکنالوجی اور ڈیٹا اینالیسس کا بہتر استعمال بھی کرنا چاہتے ہیں۔

تعمیرات سے مزید