• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان پیکیج بھی راشن کارڈ، صحت کارڈ کی طرح فراڈ ہے، عظمیٰ بخاری


پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے حکومت کے رمضان پیکیج کو راشن کارڈ اور صحت کارڈ کی طرح فراڈ قرار دیا ہے۔

عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت صوبے بھر کے سیکریٹری اطلاعات کا اجلاس ہوا، اس دوران لانگ مارچ کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

ن لیگ پنجاب کی ترجمان نے صوبے بھر کے تمام سیکریٹری انفارمیشن کو فوری طور پر متحرک ہونے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں لانگ مارچ قافلوں کی میڈیا اور سوشل میڈیا پر کوریج کے لیے لائحہ بنایا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ تمام اضلاع کے سیکریٹری انفارمیشن تمام معلومات سینٹر پول میں بھیجیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کا لانگ مارچ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا لانگ مارچ ہوگا، جس کو تاریخی مارچ بنانے کے لیے پارٹی کا ہر کارکن مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔

ن لیگ پنجاب کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ رمضان پیکیج بھی راشن کارڈ اور صحت کارڈ کی طرح فراڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف دور میں رمضان المبارک سے ایک ماہ قبل رمضان پیکیج جاری ہوتا تھا، صوبے بھر میں رمضان اور ماڈل بازار قائم کر دیے جاتے تھے، آج ہر طرف صرف مہنگائی اور مافیا کا بازار نظر آرہا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تبدیلی سرکار عوام کی جیبیں کاٹنے اور اپنی جیبیں بھرنے آئی تھی، آج نہ رمضان بازار ہیں نہ ہی ماڈل بازار نظر آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف دور میں جو گھی 154 روپے کلو تھا، وہ آج 5 سنچریاں عبور کر رہا ہے، ابھی کہا جارہا ہے کہ عمران خان ایماندار وزیراعظم ہے۔

ن لیگ پنجاب کی ترجمان نے کہا کہ عمران خان ایماندار نہیں مافیا کے سرغنہ ہیں، وہ کہتے تھے کہ مہنگائی تب ہوتی ہے جب وزیراعظم چور ہو، آج مہنگائی نے 70 سالہ ریکارڈ توڑ دیے۔

قومی خبریں سے مزید