• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون اسسٹنٹ کمشنر سے بدتمیزی، فیصل قریشی نے کیا کہا؟

پاکستان شوبز انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار فیصل قریشی نے مانسہرہ میں اسسٹنٹ کمشنر ماروی ملک پر حملے کے ناخوشگوار واقعے پر ردعمل دیا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں ماروی ملک پر حملے کے ناخوشگوار واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ ماروی ملک ایک انتہائی قابل، ریکارڈ توڑ سی ایس ایس گریجویٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کا رویہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ خواتین خواہ کسی بھی قابلیت کی مالک ہون ان کے ساتھ برا سلوک کیا جاتا ہے۔

اپنے سلسلہ وار ٹوئٹ میں کہا کہ ہمارے ملک میں عوام کی اکثریت کی طرف سے قابل خواتین کو نفرت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

اداکار نے کہا کہ مردوں کو عورتوں کے ساتھ عزت، ہمدردی اور  مساوات کے ساتھ برتاؤ کرنے کی تعلیم دینے کی ضرورت ہے جس کی وہ حقدار ہیں۔

’عورت ہو کر کیسے اے سی لگ گئیں‘

مانسہرہ کی اسسٹنٹ کمشنر ماروی شیر ملک پر غازی کوٹ میں 3 افراد نے حملہ کیا، ملزمان نے لیڈی اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو کئی بار اوور ٹیک کیا، ملزمان خاتون اسسٹنٹ کمشنر کی تصاویر اور ویڈیو بھی بناتے رہے۔

رپورٹس کے مطابق ملزمان نے اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے سامنے اپنی گاڑی روک دی اور کہا کہ یہ خاتون ہوکر ہم پر اے سی تعینات ہوئی ہیں، ہم کسی خاتون کو اے سی یا ڈی سی نہیں مانتے۔

تلخ کلامی کے دوران ایک ملزم نے اے سی کو گولی مارنے کا بھی کہا، کھینچا تانی کے دوران لیڈی اسسٹنٹ کمشنر کا ہاتھ زخمی ہوا۔

اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ ماروی ملک شیر کی درخواست پر تھانہ سٹی پولیس نے ملزمان ملک عمران حیدر ولد ملک چاند پرویز سکنہ منڈیاں ایبٹ آباد ، ملک محمد عتیق اور انیس خان کو گرفتار کر کے ملزمان کی گاڑی کی جامعہ تلاشی لی گئی، دوران تلاشی ملزمان کی گاڑی سے پستول ، رپیٹر ، میگزین اور شراب برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید