سکھر( بیورو رپورٹ) ایس ایس پی امجد احمد شیخ کی جانب سے رمضان المبارک کے موقع پر امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ماسٹر سیکورٹی پلان کے تحت سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں، رمضان المبارک کے دوران تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، شہر سمیت ضلع کے تمام علاقوں میں پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے، تمام داخلی راستوں پر پولیس اہلکاروں اور کمانڈوز کو چوکس کرتے ہوئے سخت احکامات دیئے گئے ہیں کہ وہ شہر میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں پر نظر رکھیں مشتبہ گاڑیوں اور مشکوک افراد کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے، اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ایس ایس پی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد، امام بارگاہوں، تراویح کے اجتماعات، بازاروں، مارکیٹوں، ریلوے اسٹیشن ، بس اسٹاپ ، نیشنل ہائی وے اور دیگر علاقوں میں پولیس کے مسلح جوانوں کے ساتھ ساتھ سادہ لباس اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے تاکہ عوام کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جاسکے ۔انہوں نے تمام تھانہ انچارجز اور پولیس افسران پر واضح کیا کہ وہ اپنی حدود میں پولیس کے گشت میں اضافے کے ساتھ ساتھ جہاں جہاں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے وہاں ان کی موجودگی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، جو پولیس افسر تھانہ انچارج یا اہلکار فرائض میں غفلت برتے گا اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔