• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کا کارڈ جلد سامنے آنیوالا ہے: فیصل جاوید

حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا کارڈ جلد سامنے آنے والا ہے، ان شاء اللّٰہ۔

یہ بات حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اب کمالیہ کی باری ہے، آئیے! اپوزیشن کو تحریکِ عدم اعتماد لانے پر شکریہ کہیں۔

فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ منڈی بہاؤالدین، میلسی، دیر، حافظ آباد، سوات، درگئی اور مانسہرہ کے کامیاب جلسوں کے بعد آج وزیرِ اعظم عمران خان کمالیہ میں جلسۂ عام سے خطاب کریں گے۔

فیصل جاوید کا اپوزیشن کو خراجِ تحیسن

انہوں نے کہا ہے کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ آج جو اپوزیشن نے ہمارے لیے کر دیا ہے اس پر ہم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر نے مزید کہا ہے کہ میں نے اپنے 26 سالہ تحریکِ انصاف کے سفر میں ایسی مقبولیت پہلے کبھی نہیں دیکھی جو عمران خان کی آج ہے۔

فیصل جاوید کا یہ بھی کہنا ہے کہ قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ حق کے ساتھ ہے، اب جو بھی ہو، جیت پاکستان کی ہے، جیت عمران کی ہے۔

کمالیہ میں جلسہ، وزیرِ اعظم خطاب کرینگے

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان آج دوپہر 3 بجے کمالیہ میں جلسۂ عام سے خطاب کریں گے۔

جلسے میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وزراء اسد عمر، پرویز خٹک و دیگر شریک ہوں گے۔

جلسہ گاہ میں مردوں کے لیے 20 ہزار اور خواتین کے لیے 5 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔

اس دورے کے دوران وہ کمالیہ یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھیں گے اور ہڑپہ راوی پل کا افتتاح بھی کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید