کراچی کے 26 فٹبالرز اور 8 کوچز کا ٹرائلز کے بعد انگلینڈ میں ٹریننگ کے لیے انتخاب ہوگیا۔
کے ایم سی فٹ بال اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے فٹبال کلب سوئنڈن ٹاؤن اور کراچی فٹبال کلب کے مابین معاہدے کے تحت انڈر 15 کھلاڑیوں کے ٹرائلز کاہفتہ کو اختتام ہوگیا۔
محمد آزان بلوچ پلیئر آف دی ویک اور زبیر کوچ آف دی ویک قرار دیا گیا۔
کے ایم سی فٹبال اسٹیڈیم میں کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، سوئنڈن ٹاؤن فٹبال کلب کے وائس چیئرمین زیویر آسٹن، اور کوچ الیکس پائیک کے ہمراہ منتخب کھلاڑیوں اور کوچز کا اعلان کیا۔
وائس پریزیڈنٹ کراچی فٹبال کلب خالد جمیل شمسی، کراچی فٹبال کلب کے سیکریٹری غلام محمد خان، ایس پی مردان علی، جمیل احمد ہوت ڈی ایف اے ساؤتھ صدر و دیگر بھی موجود تھے۔
کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا کہ پروردگار کا شکر گزار ہوں کہ ڈیڑھ ماہ کے قلیل عرصے میں معاہدے پر تیزی سے عمل درآمد ہو رہا ہے، جو کہا آج اس پر عمل ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ 300 بچوں نے ٹرائلز میں شرکت کی۔ میرٹ پر بچوں اور کا انتخاب کیا گیا ہے، اس میں ہمارا کوئی کردار نہیں، کوچ الیکس پائیک نے بچوں اور کوچز کو ایک ہفتے تک ٹرائلز میں دیکھا اور ان میں سے بہترین کھلاڑیوں اور کوچز کا انتخاب کیا۔
وائس چیئرمین سوئنڈن ٹاؤن زیویر آسٹن نے کہا کہ دو کوچز تین ہفتوں میں انگلینڈ روانہ ہوں گے اور ایک مہینے کی تربیت کے بعد واپس کر 26 بہترین انڈر 15 فٹبالرز کو تربیت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو مختلف مراحل میں انگلینڈ بلایا جائے گا۔
زیویر آسٹن کا کہنا تھا کہ کوچز اور بچوں کی تربیت کے تمام اخراجات سوئنڈن ٹاؤن فٹبال کلب برداشت کرے گا۔ بچوں اور کوچز کو انگریزی زبان بھی سکھائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چیزیں کرنا اتنا آسان نہیں، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کا بھرپور تعاون رہا، جس کی وجہ سے آج یہ سب ممکن ہوا۔ الیکس پائیک نے کہا کہ بچوں میں بہت ٹیلنٹ ہے، گلیوں کے کھلاڑی ہیں۔
وائس چیئرمین سوئنڈن ٹاؤن کا کہنا تھا کہ میں نے ان میں بال کو اسٹروک لگانے اور بال کو ہولڈ کرنے کی صلاحیت کو جانچا۔ 300 بچوں میں سے 26 کھلاڑیوں میں محمد آزان بلوچ عاشق، حسنین، سرباز امان اللّٰہ، ابراہیم، عدیل، صابر، شبیر، کبیر، عبدالرحمان، اویس، جمشید، احسان، مزمل، ساجد، انزلا، شیراز، حسام داؤد، فیضان، وسیم، ابراہیم، عزیر، رشید، سمیر اور عبدالغنی شامل ہیں جبکہ دو کوچز میں زبیر اور عبدالباسط شامل ہیں۔