محکمۂ موسمیات نے کراچی میں پارہ 40 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کیا کی کہ شہری ہیٹ ویو کا مقابلہ موج مستی کے ساتھ کرنے ساحل پر جا پہنچے۔
کراچی کے شہریوں نے سمندری لہروں کے ساتھ اٹکھیلیاں کرتے خوب پکنک منائی۔
کراچی میں ان دنوں کچھ سورج غصے میں اور اپنی تپش سے عوام کو خوب تپا رہا ہے لیکن خدا بھلا کرے سمندر کا جو ہمیشہ ہی شہریوں کو اپنی ٹھنڈی ٹھنڈی لہروں کی جانب کھینچ لیتا ہے۔
ساحل پر پہنچنے والے شہریوں نے سن گلاسز پہن کر اپنی ٹک ٹاک ویڈیوز بھی خوب بنائیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیوز فالوورز کے ساتھ شیئر کریں گے۔
ساحل پر بچے مٹی کے ساتھ کھیلتے رہے اور کچھ نے کشتی کے بھی مزے لیئے۔
واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے پیش گوئی کرتے ہوئے کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 39 سے 41 ڈگری کے درمیان رہنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں دوپہر میں شمال مغربی سمت سے گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی، جبکہ شام میں جنوب مغربی کی سمت سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل سے گرمی کی شدت میں کمی متوقع ہے اور پیر اور منگل کو درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری کے درمیان ہوسکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں 30 مارچ سے یکم اپریل تک موسم دوبارہ گرم ہونے کی توقع ہے۔
دوسری جانب سندھ کے باقی اضلاع مسلسل انتہائی گرم اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔
دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں درجۂ حرارت 41 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔