وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ہونے والے سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران کمیٹی کے ارکان نے دھمکی آمیز خط کو کابینہ ارکان کو دکھانے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں وزراء اور اراکین کو خط نہیں دکھایا گیا، اینکرز کو خط دکھانے کے فیصلے پر ارکان نے تشویش کا اظہار کیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں ارکان نے رائے دی کہ سیکرٹ خط کو اوپن کرنے سے متعلق قانونی رائے بھی لینی چاہیے۔
اجلاس میں ارکان نے وزیرِ اعظم عمران خان کو تجویز پیش کی کہ خط سے متعلق تمام کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا جائے۔
اجلاس میں ارکان نے تشویش کا اظہار کیا کہ منتخب ارکان نے خط دیکھا نہیں اور یہ میڈیا کو دکھایا جا رہا ہے۔
دورانِ اجلاس کابینہ ارکان کے سامنے خط اور غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات بھی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کابینہ کے ارکان سے خط اور فنڈنگ سے متعلق تجاویز لی جائیں گی۔
واضح رہے کہ سیاسی کمیٹی کی تجویز پر وزیرِ اعظم عمران خان نے یہ ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔