• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون اول اور فرح خان پر الزامات، عثمان بزدار کا بیان سامنے آگیا


سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ خاتون اول بشریٰ بی بی اور ان کی دوست فرح خان کے بارے میں بے بنیاد الزامات کو قطعی طور پر مسترد کرتا ہوں۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عثمان بزدار نے کہا کہ علیم خان، چوہدری سرور اور دیگر اپوزیشن ارکان کے من گھڑت الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں اور بلا ثبوت الزام تراشی کی مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں تقرر و تبادلے میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ پنجاب کے سابق سینئر وزیر، پی ٹی آئی کے منحرف رہنما عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ فرح خان تقرر وتبادلوں کے عوض بھاری رقوم بٹورتیں، انہوں نے کئی بار شکایات بھی کیں، مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی۔

فرح خان پر مبینہ کرپشن کےالزامات کی باز گشت، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی کہہ چکی ہیں کہ فرح خان نے پنجاب میں تقرر و تبادلوں کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا۔

خاتون اول کے بیٹے موسیٰ مانیکا کا کہنا ہے کہ فرح خان نے وزیر اعظم اور میری والدہ کے ساتھ اچھا نہیں کیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی حکومت جاتی دیکھ کر پوچھ گچھ سے بچنے کیلئے فرح خان 3 اپریل کی صبح ہی چپکے سے دبئی روانہ ہو گئیں، جبکہ ان کے شوہر احسن جمیل31 مارچ کو ہی امریکا جا چکے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید