صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم ایک قوم بن کر مسائل کے طوفانوں کا زور توڑیں گے، معیشت کو درست سمت پر استوار کرکے مہنگائی کے ستائے عوام کی داد رسی کرنی ہے۔
صدر ن لیگ شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تحریک عدم اعتماد کل پاکستان کو مسائل سے نکالنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی،پاکستان کو اجتماعی دانش، یک جہتی، اتفاق رائے کے مرہم کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف کاکہنا تھا کہ روزگار کی فراہمی سے غریبوں کے چولہے پھر سے جلانے ہیں، عالمی سطح پر پاکستان کے مقام اور تعلقات کو قومی وقار اور مفادات کی بنیاد پر بحال کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیادت کا امتحان ہی مشکل ترین حالات میں ہوتا ہے،اللّٰہ تعالی کے فضل و کرم سے پاکستان اس امتحان میں سرخرو ہوگا۔