راولپنڈی(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے خبردار کیا ہے پاناما لیکس کی صاف شفاف تحقیقات اور اس ضمن میں عدالتی کمیشن کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوا تو راولپنڈی سے عوامی سمندر اسلام آباد پہنچ جائے گا ایوانوں کو کرپٹ لوگوں سے پاک کیا جائے ان لوگوں کی جگہ اڈیالہ جیل راولپنڈی ہے کرپشن کے خلاف قومی مہم زورشور سے جاری رہے گی کراچی سے خیبر تک عوام اب اس ناسور سے نجات ملے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ہمیں موقع ملا تو ، کرپٹ ، لینڈ ، ڈرگ اور کمیشن مافیہ کو جیلوں میں ڈال دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی دوپہر راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر ٹرین مارچ کے استقبال کے لیے آئے ہوئے کارکنوں اور شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق کرپشن کے خلاف پشاور سے ٹرین مارچ کی قیادت کرتے ہوئے نوشہرہ ، رسال پور،اٹک، حسن ابدال ، واکینٹ سے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچے تو ان کا زبردست استقبال کیا گیا شرکاء ٹرین مارچ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور جماعت اسلامی کے چاروں صوبوں سے دیگر رہنما اور نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد ٹرین مارچ میں شامل ہے ۔ راولپنڈی ریلو ے اسٹیشن پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے باہر نکلے ہیں پاکستان میں کرپشن کی وجہ سے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں غریبوں کے بچوں پر تعلیم کے دروازے بند ہیں۔ غریب انصاف سے محروم ہے۔ اشرافیہ کے کتے بھی پلائو کھاتے ہیں اور ان کے گھوڑے ایئر کنڈیشن ہالوں میں رہتے ہیں۔ پاکستان کے نوجوان ڈگریاں جلانے پر مجبور ہوچکے ہیں پنجاب کے کسانوں کو ان کے پسینے اورمحنت کی کمائی سے محروم کر دیا گیا ہے وہ اپنی فصلیں جلا رہے ہیں۔ اشرافیہ کا یہ گروہ کسانوں کو ان کی محنت کا پھل نہیں کھانے دیتا۔انہوں نے کہا کہ میں ایسے نظام کو نہیں مانتا جہاں محنت کشوں سے ان کی محنت کا معاوضہ چھین لیا جائے ایوانوں میں اور وزارتوں پر لینڈ مافیا، ڈرگ مافیا ، کمیشن مافیا کے نمائندے بیٹھے ہیں ایسے کرپٹ لوگوں سے ایوانوں کو پاک کرنا ہوگا قوم ایسے لوگوں کو اڈیالہ جیل میں دیکھنا چاہتی ہے پاکستان میں روزانہ 12ارب روپے کی کرپشن ہو رہی ہے عوام کے گھروں میں پینے کا پانی نہیں ہے بیوروکریسی کی پانی کی ٹینکیوں سے نوٹ برآمد ہو رہے ہیں ایسے نظام کو نہیں مانتے ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں قوم ہتھکڑیاں دیکھنا چاہتی ہے پاناما لیکس ہو سوئس لیک ہو یا دوبئی لیک جماعت اسلامی پاکستان کے کسی لیڈر کا نام کسی لیک میں نہیں آیا پاناما لیکس میں نام آنے والے لوگ اپنی مرضی اور شعور سے سیاست سے الگ ہو جائیں سرکاری اور عوامی مناصب چھوڑ دیں قوم کرپٹ مافیا کو مزید برداشت نہیں کرسکتی ۔