• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نعمان اعجاز کو عائشہ عمر سے ہراسانی کے بارے میں سوالات پر تنقید کا سامنا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر اداکار و میزبان نعمان اعجاز کواداکارہ عائشہ عمر سے پروگرام کے دوران ’جنسی ہراسانی‘ کے معاملے پر نامناسب انداز میں سوال کرنے کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے۔نعمان اعجاز نے حال ہی میں عائشہ عمر کو اپنے پروگرام ’جی سرکار‘ میں مدعو کیا تھا، جہاں اداکارہ نے ماضی میں خود کو جنسی ہراساں کیے جانے کے معاملے پر بھی بات کی تھی۔عائشہ عمر کی جانب سے ’جنسی ہراسانی‘ کے معاملے پر بات کرتے وقت نعمان اعجاز نے ان سے سوال کیا تھا کہ انہوں نے آخر کئی سال بعد وہ قصہ کیوں بیان کیا، اس کی ضرورت کیا تھی؟ اگر ان کے ساتھ غلط چیز ہو چکی تھی اور وہ کافی عرصے تک خاموش رہی تھیں تو مزید بھی خاموش رہ سکتی تھیں؟نعمان اعجاز نے اداکارہ کو کہا تھا کہ وہ اتنے سال مذکورہ معاملے پر خاموش رہی تھیں، وہ مزید بھی خاموش رہتیں، انہیں اپنے حوالے سے لوگوں میں غلط تاثر پیدا کرنے کی کیا ضرورت تھی؟انہوں نے عائشہ عمر سے یہ بھی پوچھا تھا کہ کیا ان سےکسی نے اس معاملے سے متعلق سوال کیا تھا کہ انہوں نے اس پر بات کی تھی؟نعمان اعجاز کی جرح پر عائشہ عمر نے کہا تھا کہ ان سے بہت سارے لوگوں نے پوچھا تھا اور یہ کہ انہوں نے اپنی مرضی سے بھی اپنے ساتھ ہونے والے واقعات کو بیان کیا۔انہوں نے کہا تھا کہ جب انہوں نے دیکھا کہ بہت سارے لوگ اپنے ساتھ ہونے والے ’جنسی ہراسانی‘ کے واقعات پر بات کر رہے ہیں تو ان میں بھی ہمت آگئی اور پھر انہوں نے یہ بھی سوچا کہ ان کے بات کرنے سے مزید سیکڑوں لڑکیوں میں ہمت آئے گی اور وہ بھی بات کریں گی۔تاہم پروگرام کے دوران عائشہ عمر سے ’جنسی ہراسانی‘ کے واقعات سامنے لانے سے متعلق سوالات کرنے پر نعمان اعجاز کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

دل لگی سے مزید