• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب کوئی کاروبار کا آغاز کرنے کافیصلہ کرتا ہے تو مستقبل میں کامیابی کے لیے اسے کئی اہم فیصلے کرنا ہوتے ہیں۔ ان میں سے ایک اہم فیصلہ بزنس اینٹیٹی کی قسم منتخب کرنا ہے، جس کے لیے آپ کو دستیاب مختلف آپشن کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔ آپ جو کاروباری ڈھانچہ منتخب کرتے ہیں وہ آپ کے کام کرنے کے طریقے کو بہت زیادہ متاثر کر سکتا ہے۔ 

اس لیے، آپ کو مکمل تحقیق کرنے کے لیے وقت نکالنا چاہیے اور یہ طے کرنا چاہیے کہ بطور انٹرپرینیور آپ کے لیے کیا بہتر ہوگا۔ ’بزنس اینٹیٹی‘ کا انتخاب کرنے سے قبل آپ کو پہلے اس کی اقسام کے درمیان فرق کو سمجھنا چاہیے۔ آج کے مضمون میں دنیا بھر میں عمومی طور پر رائج ’بزنس اینٹیٹی‘ کی مختلف اقسام پر روشنی ڈالی جارہی ہے، جس کے بعد آپ یہ تعین کرنے کے قابل ہوجائیں گے کہ آپ کے نئے کاروبار کے لیے کون سا کاروباری ڈھانچہ کام کرے گا۔

واحد ملکیت

واحد ملکیت(Sole Proprietorship) بزنس اینٹیٹی کو سمجھنے کے لیے سب سے آسان قسم ہے اور یہ ممکنہ طور پر کاروبار شروع کرنے کا سب سے آسان طریقہ ہے۔ اس کو منتخب کرنے سے آپ کو پورے کاروباری معاملات پر مکمل کنٹرول حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ، بہت کم ریاستی اداروں کے پاس رجسٹر کروانا پڑے گا، جس سے قانونی فیس کی مد میں کافی بچت ہوگی۔ تاہم، ایک قابل ذکر خرابی لامحدود ذاتی ذمہ داری (personal liability)ہے۔ 

اس قانونی ڈھانچے میں، آپ تمام کاروباری سرگرمیوں، قرضوں اور واجبات کے لیے ذاتی طور پر ذمہ دار ہوں گے۔ اگر کچھ غلط ہو جاتا ہے تو، آپ کے ذاتی اثاثے اور ساکھ داؤ پر لگ جائے گی۔ اس کے علاوہ، آپ کاروبار کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کا ایک طریقہ ختم کر دیتے ہیں، جو ایکویٹی یعنی شیئرز جاری کرنے کے ذریعے ہوتا ہے (اسٹاک آپشنز)۔ یہ فنانسنگ آپشن واحد ملکیت میں دستیاب نہیں ہوتا۔

شراکت داری

اگر آپ کسی اور کے ساتھ مل کر کاروبار کرنا چاہتے ہیں، تو آپ دو قسم کی شراکتیں (جنرل پارٹنرشپ یا لمیٹڈ پارٹنرشپ) قائم کر سکتے ہیں۔ شراکت داری کی دونوں اقسام کاروبار کے لیے ایک لیگل اینٹیٹی بناتے ہیں جہاں فائدہ دوسرے فریقوں کو منتقل کیا جا سکتا ہے۔ جنرل پارٹنرشپ قائم کرنا آسان ہے کیونکہ اس کے لیے کم قانونی معاملات ہوتے ہیں۔ نیز، واحد ملکیت کی طرح، شراکت دار کاروباری سرگرمیوں اور قرض کے لیے ذمہ دار ہوتے ہیں۔

لمیٹڈ پارٹنرشپ کی بات کی جائے تو یہ جنرل پارٹنرز اور لمیٹڈ پارٹنرز پر مشتمل ہوتی ہے۔ کاروبار میں لمیٹڈ پارٹنرز کی سرمایہ کاری کے تناسب سے محدود ذمہ داری ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، عام طور پر ان کا کاروبار کے روزمرہ معاملات چلانے میں زیادہ عمل دخل نہیں ہوتا۔ لمیٹڈ پارٹنرشپ میں تحریری معاہدوں پر دستخط کیے جانے چاہئیں اور متعلقہ حکام کے پاس سرٹیفکیٹس فائل کیے جانے چاہئیں۔

کاروباری شراکت قائم کرنے سے پہلے، متوقع شراکت داروں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ شراکت کے معاہدے کو پوری طرح سمجھیں اور اس سے مطمئن ہوں۔ یہ مستقبل میں ان کی حفاظت کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ شراکت منصفانہ ہو۔

کارپوریشن

کارپوریشن ایک مکمل قانونی ادارہ ہے۔ اس میں آپ کاروباری حصص کے مالک ہوتے ہیں، جو آپ کو ملکیت منتقل کرنے یا اسٹاک جاری کرکے اضافی رقم اکٹھا کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ، آپ لائبیلیٹی سے محفوظ رہتے ہیں۔ اس میں خرابیاں یہ ہیں کہ دوہرا ٹیکس لگ جائے گا۔ پہلے کاروباری منافع اور پھر حصص پر ادا کردہ منافع پر یا کمپنی سے حاصل ہونے والی آمدنی پر۔

ایس- کارپوریشن

ایس-کارپوریشن، درحقیقت کارپوریشن کے ڈھانچے میں تھوڑا سا تغیر ہے۔ اپنے کاروبار کو بطور ایس- کارپوریشن چلانے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ آپ پر دوہرا ٹیکس لاگو نہیں ہوتا۔ اگر آپ اس قسم کی کارپوریشن بناتے ہیں، تو آپ کو اپنے ذاتی ٹیکس ریٹرن پر کمپنی میں اپنے منافع اور نقصان کی اطلاع دینی ہوگی۔ 

اس ڈھانچے میں، آپ کو ایک معیاری کارپوریشن چلانے والوں کی طرح ہی رسمی کارروائیاں مکمل کرنے کی ضرورت ہوگی۔ اس کے علاوہ، آپ شیئر ہولڈرز کی تعداد اور قسم تک محدود رہیں گے۔ اس پر بھی حدود ہوں گی کہ کون حصص کا مالک ہو سکتا ہے، اس سے آپ کی فنڈز حاصل کرنے کی کوششیں محدود ہوسکتی ہیں۔

لمیٹڈ لائبیلیٹی کمپنیز (LLC)

لمیٹڈ لائبیلیٹی پارٹنرشپس کو بعض اوقات ہائبرڈ کاروباری ڈھانچہ کہا جاتا ہے۔ اس فارمیٹ میں کمپنی کارپوریشن اور پارٹنرشپ کے درمیان کام کرتی ہے۔ کاروبار ایک علیحدہ لیگل اینٹیٹی ہو گا، جو مالکان کو لائبیلیٹی سے تحفظ فراہم کرے گا۔ یہ کاروبار کے مالک کے ذاتی ٹیکس گوشواروں کے ذریعے جنرل پارٹنرشپس کی طرح ٹیکس ادا کرنے کی بھی اجازت دیتا ہے۔ 

اس کے علاوہ، مالکان کی تعداد کی کوئی حد نہیں ہے اور آپ کو میٹنگز کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہوتی۔ تاہم، ایک LLC بنانا پیچیدہ ہو سکتا ہے، جس میں اہم قانونی فیس اور متعدد دستاویزات کی ضرورت ہوتی ہے، جن کا مسودہ اور دستخط ہونا ضروری ہے۔ پیچیدگی کی اس سطح کی وجہ سے وینچر سرمایہ داروں سے فنڈز حاصل کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، شیئر آپشنز یا کنورٹیبل نوٹ دینا مشکل ہو سکتا ہے۔

بہترین کا انتخاب

کاروباری تنظیموں کی مختلف اقسام کے درمیان انتخاب ایک اہم فیصلہ ہے، اگرچہ ضرورت پڑنے پر اسڑکچر کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ تاہم، یہ ممکنہ طور پر کاروبار میں خلل کا باعث بنے گا اور آپ کو اضافی قانونی اور ٹیکس اخراجات اٹھانے پڑیں گے۔ اس کے علاوہ، آپ کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ آگے بڑھنے سے پہلے بزنس اینٹیٹی کے حوالے سے ملکی قوانین کو جانیں۔ بالآخر، ہر اینٹیٹی کی قسم کے فوائد اور نقصانات پر غور کرنے سے آپ کو صحیح کاروباری فیصلہ کرنے کا موقع ملے گا۔