• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمراں کرپٹ نہیں تو خود کو آزادانہ احتساب کیلئےپیش کریں، سراج الحق

ملتان (سٹاف رپو رٹرر،نمائندگان ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن اور کرپٹ عناصر نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا ،انھوںنے کہا کہ ملک میں ایسا عدالتی نظام ہونا چاہئے جو کرپٹ سیاستدانوں کو اڈیالہ جیل میں ڈال دے ، پاکستان سے پیسہ لوٹ کر پاناما  ، لندن، دبئی ور سوئس بنکوں میں منتقل کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے ان کے خلاف لندن تک جا نا پڑا ضرور جائیں گے لیکن  کو قوم کا پیسہ ہڑپ نہیں کرنے دینگے، جن لوگوں کے نام پانام لیکس میں ان کے ہاتھوں میں لگی ہتھکڑیاں دیکھنے چاہتے ہیں،حکمران کرپٹ نہیں تو خود کو آزادانہ احتساب کیلئے پیش کریں،انھوں نے  کہا ہے کہ ہماری جدوجہد اور ٹرین مارچ جمہوریت کے لئے نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف ہے اب قومی اسمبلی میں اور اس کے باہر کرپٹ لوگوں کا محاسبہ کریں گے اور پاکستان کو خوشحال ملک بناکر دم لیں گے، موجودہ حکمرانوں سے ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کو خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران قوم کی امانتوں میں خیانت کر رہے ہیں۔ ملک کے 375 ارب ڈالر لوٹ کر بیرونی بنکوں میں منتقل کر نے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ نیب کا ادارہ احتساب میں بری طرح ناکام ہوچکاہے جب تک قوم بیدار ہو کر احتساب کے اداروں کی پشت پر کھڑی نہیں ہوتی یہ ادارے لٹیروں اور چوروں کو نہیں پکڑیں گے۔انہوں نے کہاکہ کرپشن کا کوہ ہمالیہ ہر طرف موجود ہے مگر حکمرانوں کو کرپشن کے یہ پہاڑ اس لیے نظر نہیں آتے کہ وہ خود کرپشن کرتے ہیں اور کرپشن کرنے والوں کو تحفظ دیتے ہیں۔ قومی ادارے خسارے میں جبکہ حکمرانوں کے اپنے کاروبار اربوں روپے سالانہ منافع کمارہے ہیں، قوم کو سمجھ لیناچاہیے کہ اصل خرابی کہاں ہے، سراج الحق نے کہا کہ اپوزیشن اورحکومت نے مل کر جو کمیٹی بنائی ہے اس میں ہمارا بھی ایک ممبر شامل ہے اور اس کا جائزہ لے رہے ہیں اگر صحیح سمت میں کام کرے گی تو ہم اسے قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے انہوں نے کہا کہ احتساب کے لیے ایک ایسا کمیشن بننا چاہیے جو نہ صرف تحقیق کرے بلکہ تحقیق کے ساتھ ساتھ سزا کا بھی اختیار رکھتا ہو اس لیے کہ سزا کے بغیر معاشرے کی اصلاح نہیں ہوسکتی ہے انہوں نے کہا کہ بیس کروڑ عوام کے لیے اگر پانچ سات ہزار لوگوں کی قربانی ہوبھی جائے تو کوئی بڑی بات نہیں ہے اور یہ جماعت اسلامی کانہیں بلکہ بیس کروڑعوام کا مطالبہ ہے کہ چوروں کا احتساب ہونا چاہیے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی سر براہی میں گزشتہ68سال میں ہونے والی کرپشن کا احتساب کیا جائےاور  قومی اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں کے مجوزہ اضافہ کے تناسب سے چھوٹے ملازمین اور مزدوروں کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی کے لاہور سے کراچی تک  کرپشن فری ٹرین مارچ کے دوسرے مرحلے  میں  ملتان سمیت،میاں چنوں  ،خانیوال ،لودھراں ، بہاولپور ، سمہ سٹہ ،ڈیرہ نو اب صاحب،رحیم یار خان  کے ریلوے سٹیشنز پر کارکنوں سے خطاب اور جنگ سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ، ٹرین مارچ کے دوران کارکنوں نے امیر جماعت سراج الحق کا شاندار استقبال کیا ،اس موقع پر  جماعت اسلامی پاکستان کے سیکر ٹری جنرل لیاقت بلوچ،نائب امیر اسد اللہ بھٹو،صوبائی پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر،صوبائی سیکر ٹری جنرل بلال قدرت اللہ بٹ ودیگر مرکزی وصوبائی ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ملتان کینٹ اسٹیشن پر جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر شیخ عثمان فاروق، امیرجماعت اسلامی ضلع ملتان میاں آصف محمود اخوانی ، سیکر ٹری جنرل ڈاکٹر اورنگزیب شہزاد،عارف محمود سمرا، صہیب عمار صدیقی، کنور محمد صدیق، مولانا محمود بشیر، واثق خان، ڈاکٹر حفیظ انور،ڈاکٹر خالد رشید، ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، رانا طارق نعیم، مولانا عبدالرزاق،زبیر صدیقی،مزدور رہنماصوفی محمد صدیق،پرویز اقبال بودلہ،شاہ ولی راجپوت، عاقل قریشی،واپڈا پیغام یونین کے مرکزی صدرظہور احمد بٹ ،سید امتیاز حسین شاہ، عطاء محمد جعفری، حسان اخوانی،شیخ عبدالستار،محمدیوسف عزیز ہاشمی،تحریک انصاف ضلع ملتان کے صدر اعجاز حسین جنجوعہ سمیت دیگر ذمہ داران، کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگوں نے استقبال کیا۔ جبکہ اسلامی جمعیت طلبا جا معہ زکریا کےکارکنوںکی کثیر تعداد نے گزشتہ روز ناظم ملک مہران بوسن کی قیادت میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج  الحق کو جامعہ زکریا ملتان کے دورے کی دعوت دی جس پر امیر جماعت نے ان کی دعوت کو قبول کرتے ہو ئے یقین دہانی کرائی کہ اگلے شیڈو ل میں جامعہ زکریا کا دورہ بھی کریں گے ۔ سمہ سٹہ میں سید وقار الحق شاہ، عیدو شاہ، صوفی ممتاز، اختر قریشی، قاری رشید، قاری رمضان، ملک محمد ریاض، ملک عبدالستار سندھا، ملک بخت علی چنڑ، اکرم شاہ ایڈوکیٹ، ملک غلام مصطفیٰ چنڑ، ماسٹرعاشق، ملک محمد ابراہیم، رانا محمد شریف اور ملک سعدالرحمٰن  ودیگر نے استقبال کیا ،ریلوے اسٹیشن لیاقت پور پر قاضی محمد سمیع،سید ظہیر الدین بابر،لیاقت علی مغل،عقیل اقبال،نور محمد تنویر اعوان،جام عنایت غفار،ڈاکٹر رفیق غوری،ڈاکٹر ابرار حسین،ملک منظور احمد اور دیگر نے اپنے رہنماؤں کا استقبال کیا، دریں اثنا رحیم یار خان میں  کرپشن فری ٹرین کے استقبال کے لیےشہر سے سینکڑوں لوگ ریلوے اسٹیشن پہنچے جنہوںنے بینرز اور پارٹی پرچم اٹھارکھے تھے اور کرپشن فری پاکستان کے حق میں نعرے لگارہے تھے، لوگوں نے امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا پرتپاک استقبال کیا  
تازہ ترین