وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم سے گورنر سندھ کے لیے نام مانگ لیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) وفاقی حکومت کو گورنر سندھ کے لیے 2 نام دے گی۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے بلوچستان عوامی پارٹی سے بھی گورنر بلوچستان کے لیے نام مانگ لیا ہے۔
نئی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، قائم مقام صدر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔
وفاقی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر اسلام آباد میں ہوئی۔
ملک چلانے کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ٹیم سامنے آ گئی، ن لیگ اور اتحادیوں پر مشتمل 34 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا ہے۔
حلف اٹھانے والوں میں ن لیگ کے 14، پیپلز پارٹی کے 9، جے یو آئی کے 4، ایم کیو ایم کے 2 ارکان کے علاوہ ق لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے ارکان بھی شامل ہیں۔
وفاقی وزراء میں خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثناء اللّٰہ، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، مریم اورنگزیب، اعظم نذیرتارڑ، جاوید لطیف، نوید قمر، خورشید شاہ، شیری رحمٰن، شازیہ مری، عبدالقادر پٹیل، مولانا اسعد محمود، طلحہٰ محمود، فیصل سبزواری، امین الحق، محمد اسرار ترین، عابد حسین، عبدالواسع، مفتی عبدالشکور، مرتضیٰ محمود، ساجد حسین طوری، احسان الرحمٰن مزاری، مرتضیٰ جاوید عباسی، ریاض حسین پیرزادہ شامل ہیں۔
قمر زمان کائرہ، عون چوہدری، مفتاح اسماعیل اور انجینئر امیر مقام نے مشیر، حنا ربانی کھر، عائشہ غوث پاشا اور عبد الرحمٰن کانجو نے وزرائے مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی حلف اٹھانے والی ابتدائی کابینہ کا حصہ نہیں ہیں۔