• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملت اسلامیہ کا احیاء علامہ اقبالؒ کی سب سے بڑی آرزو تھی

پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین

کلامِ اقبال آرزوئوں اور امنگوں کا خزینہ ہے۔ کسی بھی فرد اور قوم میں آرزوئوں اور تمنائوں سے محرومی تخلیقِ مقاصد کی راہ میں سب سے بڑی مجبوری ٹھہرتی ہے۔ اقبال اس امر سے بخوبی آگاہ تھے کہ انسان کا دل آرزوئوں کا مرکز ہے۔ ازل ہی سے ’’نورِ حقیقت‘‘ کی تمنّا اس کے قلب میں رکھ دی گئی ہے۔ اقبال کے الفاظ میں قلبِ انسانی ’لیلی ذوقِ طلب‘ کا گھر ہے۔ یہ آرزوئیں اور امنگیں ہی ہیں جن کی تکمیلیت فرد کی ترقی کے ساتھ ساتھ پورے جہان کے نشووارتقا کا باعث بنتی ہے۔ 

خالقِ کائنات نے آرزو کا بیج انسان کے دل میں تسخیرِ کائنات کی خاطر بو دیا ہے۔ اب یہ فرد پر منحصر ہے کہ وہ اس بیج کو تناور درخت کی صورت میں کس طرح ڈھالتا ہے۔ انسان کی آرزوئیں جو آغازِ حیات میں نوزائیدہ ہوتی ہیں بالآخر برگ و بار لاتی ہیں۔ ’’بانگِ درا‘‘ کی نظم ’’طفلِ شیرخوار‘‘ میں علاّمہ اس حقیقت کا ادراک ان لفظوں میں کراتے ہیں:

ہاتھ کی جنبش میں طرزِ دید میں پوشیدہ ہے

تیری صورت آرزو بھی تیری نوزائیدہ ہے

وقت کی رفتار کے ساتھ ساتھ انسان کی یہی نوزائیدہ تمنّائیں مقاصدِ جلیل کی صورت میں ڈھل جاتی ہیں کیوں کہ ترفع کے حصول کی خواہش فرد کی جبلّت کا حصہ ہے۔ اسی لیے انسان خاکی ہونے کے باوصف آسمان کی رفعتوں سے ہم کنار ہونے کا خواہاں رہا ہے۔ علاّمہ کے مطابق انسان کے جذبے کسی بھی بلند مقام پر روزِ ازل سے خورشید کی طرح فائز نہیں ہیں بلکہ یہ ارتقائی صورت رکھتے ہیں۔ اپنی اصلیت کے اعتبار سے یہ شبنم کے مانند ہیں جو فرد کو زمین سے آسمان تک لے جاتے ہیں۔ علاّمہ فرماتے ہیں:

نہ اُٹھا جذبۂ خورشید سے اک برگِ گل تک بھی

یہ رفعت کی تمنّاہے کہ لے اُڑتی ہے شبنم کو

کوئی دل ایسا نظر نہ آیا نہ جس میں خوابیدہ ہو تمنّا

الٰہی تیرا جہان کیا ہے، نگارخانہ ہے آرزو کا

کھلا یہ مر کر کہ زندگی اپنی تھی طلسم ہوس سراپا

جسے سمجھتے تھے جسمِ خاکی، غبار تھا کوئے آرزو کا

آرزو کے خون سے رنگیں ہے دل کی داستاں

نغمۂ انسانیت کامل نہیں غیر از فغاں

اقبال نے قلبِ انسانی میں آرزوئوں کے پنپنے کی متعدد فلسفیانہ تعبیرات پیش کیں۔ وہ اس جانب توجہ دلاتے ہیں کہ ہر شے زوال آمادہ ہے لیکن اس امر سے آگاہی کے باوصف فرد امنگوں کو اپنے دل میں جگہ دیتا ہے اور اپنے عمل سے زمانے میں اپنے نقوش ثبت کرتا چلا جاتا ہے:

آرزو کو خُون رُلواتی ہے بیدادِ اجل

مارتا ہے تیر تاریکی میں صیّادِ اجل

دل میں کوئی اس طرح کی آرزو پیدا کروں

لوٹ جائے آسماں میرے مٹانے کے لیے

زمانہ دیکھے گا جب مرے دل سے محشر اٹھے گا گفتگو کا

مری خموشی نہیں ہے، گویا مزار ہے حرفِ آرزو کا

آرزو کو فرد کی جبلّی مجبوری محسوس کرتے ہوئے علامہ نے اس فطری اور آفاقی جذبے کو فرد اور ملّت کی فلاح و بقا کے لیے وسیع تر تناظرمیں استعمال کیا۔ ان کا مرکزی تصور یعنی خودی جو تعیینِ ذات سے عبارت ہے، فرد کی امنگوں اور آرزوئوں کے گرد گھومتا ہے اور یہی تمنّائیں جب ملّتِ اسلامیہ کے لیے وقف ہو جاتی ہیں تو اعلیٰ مقاصد کا حصول ہوتا ہے۔ اقبال، افرادِ ملّت میں قرونِ اولیٰ کے مسلمانوں کی سی شان پیدا کرنے کے خواہاں تھے۔ چناں چہ اپنے دل میں پنہاں ایسی متعدد آرزوئوں کا اظہار کرتے ہیں:

دل نہیں شاعر کا، ہے کیفیتوں کا رستخیز

کیا خبر تجھ کو، دُرونِ سینہ کیا رکھتا ہوں میں

دیکھ یثرب میں ہُوا ناقۂ لیلیٰ بیکار

قیس کو آرزوئے نو سے شناسا کر دیں

کلامِ اقبال شاہد ہے کہ اقبال کی تمام تر تمنائوں کا مرکز مسلم نوجوان ہے۔ وہ اس امر کا ادراک رکھتے تھے کہ مسلم نوجوان کے دل میں آرزو کے سوز کا ہونا کسی متاعِ بے بہا سے کم نہیں ہے۔ اسی سے اُسے مقامِ بندگی کا اندازہ ہوتا ہے۔ ایک آرزو مند دل سے وجود کی پیدائی ثابت ہوتی ہے اور امنگوں کی بے نیشی فرد کی زندگی کو مقصدیت سے عاری کر دیتی ہے۔ جس کے نتیجے میں اسے بے عملی کا مرض لاحق ہو جاتا ہے اور یہ بالآخر پوری ملّت کے تنزل کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔ اس کے برعکس اگر افرادِ قوم کی تمنّائیں وسعت اختیار کر لیں تو راہِ عشق میں اُجالے ہوتے چلے جاتے ہیں:

حرم کے دل میں سوزِ آرزو پیدا نہیں ہوتا

کہ پیدائی تری اب تک حجاب آمیز ہے ساقی

متاعِ بے بہا ہے درد و سوزِ آرزو مندی

مقامِ بندگی دے کر نہ لوں شانِ خداوندی

طبیب عشق نے دیکھا مجھے تو فرمایا

ترا مرض ہے فقط آرزو کی بے نیشی

تاروں کی فضا ہے بیکرانہ

تو بھی یہ مقام آرزو کر

راہِ محبت میں ہے کون کسی کا رفیق

ساتھ مرے رہ گئی ایک مری آرزو

اقبال کے نزدیک خاکی کو افلاکی مقام عطا ہونے کا ایک سبب اس کے وجود میں سوزوساز، دردو داغ اور جستجو و آرزو کے خصائص کا ہونا ہے۔ چناں چہ فرد کی بقا اس کی آرزوئوں میں پنہاں ہے۔ اس ضمن میں اقبال کا محبوب انداز اپنی آرزوئوں اور امنگوں کو دل نشیں پیرائے میں بیان کرتا ہے۔ وہ جابجا ایسے اشارات فراہم کرتے ہیں کہ میرا ذرا سا دل آرزوئوں کا نگارخانہ ہے جس میں ربِ ذوالجلال کے قرب کی تمنّا سے لے کر زندگی کے تمام تر سوزوساز سے وابستہ خواہشیں چھپی ہیں۔ اقبال اپنے دل میں مضمر یہ سوز اور تڑپ افرادِ ملت میں لُٹا دینے کے متمنی ہیں اور چاہتے ہیں کہ تعمیرِ آرزو کا سلسلہ دراز تر ہو جائے اور یوں مقاصد کی دنیا سنورتی رہے۔

بادِ صبا کی موج سے نشوو نمائے خار و خس

میرے نفس کی موج سے نشو و نمائے آرزو

’’ساقی نامہ‘‘ میں علاّمہ اپنے دل کو روشن تر آرزوئوں کا مخزن قرر دیتے ہوئے لکھتے ہیں:

جوانوں کو سوزِ جگر بخش دے

مرا عشق، میری نظر بخش دے

امنگیں مری، آرزوئیں مری

اُمیدیں مری، جستجوئیں مری

مرا دل مری رزم گاہِ حیات

گمانوں کے لشکر یقیں کا ثبات

یہی کچھ ہے ساقی متاعِ فقیر

اسی سے فقیری میں ہوں میں امیر

مرے قافلے میں لُٹا دے اسے

لُٹا دے ٹھکانے لگا دے اسے

کلامِ اقبال میں جا بجا ایسے اشارات ملتے ہیں کہ ملتِ اسلامیہ کے زوال کا بڑا سبب افرادِ ملّت کے دلوں سے آرزوئوں کا تہی ہو جانا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بظاہر تو ملّت میں ایمان زندہ ہے لیکن عمل کی حرکت و حرارت رخصت ہو چکی ہے۔ جب آرزوئوں کے ہنگامے سرد ہو جائیں تو مردِ مسلمان کا لہو سرد ہو جاتا ہے اور اس کے سینے میں ’’آتشِ اللہ ہو‘‘سرد پڑ جاتی ہے۔ نتیجہ ملت زوال آشنا ہو جاتی ہے:

رگوں میں وہ لہو باقی نہیں ہے

دہ دل، وہ آرزو باقی نہیں ہے

نماز و روزہ و قربانی و حج

یہ سب باقی ہیں، تُو باقی نہیں ہے

کہیں ہنگامہ ہائے آرزو سرد

کہ ہے مردِ مسلماں کا لہو سرد

بُتوں کو مری لادینی مبارک

کہ ہے آج آتشِ اللہ ھُو سرد

آرزو اوّل تو پیدا ہو نہیں سکتی کہیں

ہو کہیں پیدا تو مر جاتی ہے یا رہتی ہے خام

دوسری طرف اگر افرادِ ملّت میں آرزوئیں اور امنگیں زندہ ترہیں تو محکوم قومیں بامِ عروج کو چُھو لیتی ہیں:

گرم ہو جاتا ہے جب محکوم قوموں کا لہو

تھر تھراتا ہے جہانِ چارسُو ے رنگ و بُو

اقبال کو اپنے اس موقف پر اس قدر اصرار ہے کہ وہ انداز بدل بدل کر اس حقیقت سے آشنا کراتے ہیں۔ ان کے نزدیک اقوامِ عالم پر مسلمانوں کی ہیبت اس وقت تک قائم ہے جب تک ان کے دل میں عمل کی خواہش زندہ ہے۔ ’’ابلیس کی مجلس شوریٰ‘‘میں اس امر کا واضح اظہار ہوا ہے، جہاں ابلیس اپنے مشیروں کی کارگزاریاں سُننے کے بعد حتمی فیصلہ سناتا ہے:

ہے اگر مجھ کو خطر تو اُس اُمت سے ہے

جس کی خاکستر میں ہے اب تک شرارِ آرزو

خال خال اُس قوم میں اب تک نظر آتے ہیں وہ

کرتے ہیں اشکِ سحر گاہی سے جو ظالم وضو

جانتا ہے جس پہ روشن باطنِ ایام ہے

مزدکیت فتنۂ فردا نہیں اسلام ہے

اقبال کے نزدیک آرزوئیں حیاتِ انسانی کا سرمایہ ہیں اور قومی و ملّی ترقی کا راز افرادِ قوم کی آرزوئوں اور تمنائوں ہی میں پنہاں ہے۔ وہ ہر لحظہ دل میں نو بہ نو آرزوئوں کے قیام کے قائل ہیں، چناں چہ فلسفیانہ انداز میں وصل کو فراق پر ترجیح دیتے ہوئے آرزوئوں کو زندہ رکھنے کی طرف توجہ دلاتے ہیں۔ ان کے مطابق ایک آرزو کا پورا ہو جانا فرد سے اگلے مقصد کی طرف پیش رفت کا تقاضا کرتا ہے۔ اقبال فرماتے ہیں:

عالمِ سوز و ساز میں وصل سے بڑھ کے ہے فراق

وصل میں مرگِ آرزو، ہجر میں لذّتِ طلب

تری دعا ہے کہ ہو تیری آرزو پوری

مری دعا ہے تری آرزو بدل جائے