• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اضافی سپلائی سے لوڈشیڈنگ کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، کے الیکٹرک

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ سے کراچی کیلئے 1000 میگاواٹ بجلی سپلائی کی جارہی ہے، اور اضافی سپلائی سے لوڈشیڈنگ کی صورتحال میں بہتری آئی ہے-

اپنے بیان میں ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ این ٹی ڈی سی سے ملنے والی اضافی بجلی کو کے الیکٹرک کے کسٹمرز کی طرف بتدریج منتقل کیا گیا ہے-

انہوں نے کہا کہ وہ علاقے جو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں، وہاں صورتحال پہلے ہی بہتر رہی ہے۔ تاہم اضافی سپلائی سے غیرمستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈ مینجمنٹ کے دورانیے میں 1.5 گھنٹے سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے-

ترجمان کا کہنا تھا کہ صورتحال میں بہتری کیلئے متعلقہ اداروں کے تعاون پر مشکور ہیں اور مزید بہتری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

قبل ازیں کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کی وضاحت سامنے آئی تھی۔

ترجمان کے الیکٹرک نے کہا تھا کہ چند علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ عارضی طور پر بڑھایا گیا ہے، نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک کو بجلی کی ترسیل میں کمی کا سامنا ہے۔

کے ای کے ترجمان نے کہا تھا کہ نیشنل گرڈ سے تقریباً 300 میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے۔

قومی خبریں سے مزید