وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے رات کو عدالتیں کھلنے کی وجہ بتا دی۔
جاری کیے گئے بیان میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالتوں کے احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہیں، پھر کہتے ہیں کہ رات کو عدالتیں کیوں کھلیں؟
ان کا کہنا ہے کہ عمران صاحب! آپ کا صدر پنجاب میں آئین شکنی کر رہا ہے، اس لیے رات کو عدالتیں کھلتی ہیں، عمران صاحب! فسطائیت اور آئین شکنی چھوڑیں، پارلیمان کے اغواء کار نہ بنیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آئین، جمہوریت اور پارلیمان کو یرغمال بناتے ہیں پھر کہتے ہیں کہ عدالتیں کیوں کھلتی ہیں؟ پوری قوم صدر عارف علوی کی آئین شکنی دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتیں کھلیں توعمران صاحب سازش کے جھوٹ بولنے لگیں گے، عمران صاحب عدالتوں پر بھی الزام لگانے لگیں گے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عمران خان، صدر علوی، گورنر پنجاب سمیت اس آئین شکن ٹولے کو آرٹیکل 6 کی سزا ملنی چاہیے۔
انہوں نے سابق وزیرِ اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب! پوری پی ٹی آئی بیمار پڑ جائے تب بھی حمزہ شہباز حلف ضرور لیں گے۔
مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ آپ بیمار ذہن، غیر جمہوری اور فسطائی شخص ہیں، آپ کا سیاہ دور رات کی سیاہی کی طرح مٹ رہا ہے۔