مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
ایک بیان میں ترجمان نون لیگ نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ایم ڈی سی مکمل فعال نہ کرنے پر وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔
مریم اورنگ زیب نے کہا کہ عدالت کا واضح حکم ہے لیکن وزیرِ اعظم پی ایم ڈی سی کو مکمل فعال نہیں کر رہے، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل بھی بحال ہو چکی ہے لیکن کام نہیں کر رہی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا شدت اختیار کر رہی ہے، صحت کے شعبے کو ریگولیٹ کرنے والا ادارہ ہی موجود نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: پی ایم ڈی سی کو فوری بحال کیاجائے، مریم اورنگزیب
مریم اورنگ زیب نے مزید کہا کہ رجسٹرار بٹھانے سے پی ایم ڈی سی فعال نہیں ہو گا، عوام جان سے جا رہے ہیں، پوری حکومتی مشینری اپوزیشن کے خلاف متحرک ہے۔
مسلم لیگ نون کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ نیب نیازی گھٹ جوڑ اپوزیشن اور میڈیا سے لڑ رہا ہے اور عوام کورونا سے لڑ رہے ہیں۔