• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں پاکستان کو کیوبا بنانا ہے نہ شمالی کوریا: احسن اقبال

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے 2 دفعہ واضح کر دیا کہ مراسلے میں بیرونی سازش کا ذکر نہیں، عمران خان اپنی ناکام سیاست زندہ رکھنے کے لیے پاکستان کے مفادات سے کھیل رہے ہیں، ہمیں پاکستان کو کیوبا بنانا ہے نہ شمالی کوریا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزير احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان اپنی سیاست کی گاڑی کبھی آئین سے ٹکراتے ہیں، کبھی اداروں سے اور کبھی خارجہ پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، غیر ملکی سربراہوں کے تحفے بازاروں میں بیچنے سے پاکستان کا کیا امیج رہ گیا، آپ نے قوم کی عزت سمیت ہر چیز کو بازاری بنا دیا اور کہتے ہیں کہ میرا تحفہ میری مرضی۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آئینی بحران کا سلسلہ چل رہا ہے، عمران خان کہتے تھے میں دعا کرتا تھا تحریکِ عدم اعتماد آئے، جب تحریکِ عدم اعتماد پیش ہوئی تو کہنے لگے کہ یہ میرےجال میں آ گئے ہیں، جب تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہونے کے قریب پہنچی تو یکایک پینترا بدلا، پھر عمران نے تحریکِ عدم اعتماد کو بین الاقوامی سازش قرار دیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ کسی سیاستدان نے اقتدار کھونے کے بعد ایسی بچگانہ حرکتیں نہیں کیں، پاکستان کو مضبوط بننا ہے تو پہلی شرط مضبوط معیشت ہے، چین کویہ کہہ کرناراض کیاگیاکہ اس نےمہنگےقرضےدیے ہیں، چین سے تعلقات میں سرد مہری پیداکر دی گئی، یورپی یونین میں پاکستانی تارکینِ وطن بھی بستے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یورپی یونین نے جی ایس پی پلس ہمیں دے رکھا ہے، انہوں نے یورپی یونین کو جلسے میں للکارنا شروع کر دیا، ہمیں امریکاکی تجارتی منڈیوں تک بھی جانا ہے، سعودی عرب ہر آڑے وقت پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا، عمران نیازی نے خلیجی ممالک سے بھی تعلقات کا ستیاناس کر دیا، آپ نے قوم کی عزت سمیت ہر چیز کو بازاری بنا دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کسی ملک دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں، عمران نیازی آپ نے ڈپٹی اسپیکر سے آئین شکنی کرائی، آپ آئین توڑنے والے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو ہیرو بناتے ہیں، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف آئین شکنی پر کارروائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی صاحب! آپ نے بھی آئین کی حفاظت کاحلف اٹھایا تھا، آپ اسے بنانا ری پبلک بنانا چاہتے ہیں، آپ کو ایسے نہیں کرنے دیا جائے گا، آپ جلسوں میں کھڑے ہو کر کہتے ہیں کہ رات 12 بجے کیوں عدالت لگی، سپریم کورٹ نے اپنی ڈیوٹی ادا کی، سپریم کورٹ کی ڈیوٹی ہے کہ جب آئین شکنی دیکھے تو اس کا نوٹس لے، سپریم کورٹ کے فیصلے کو آپ پیروں تلے روندتے رہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اب آپ کو الیکشن کمیشن سے خوف آ رہا ہے، آپ نےپاکستان دشمن ذرائع سے فنڈنگ حاصل کی ہوئی ہے، آپ نے پنجاب کے مینڈیٹ پر ڈاکا مارا، آپ نے پنجاب کا مینڈیٹ چرا کر حکومت بنائی، آپ نے حکومت بنائی تو کوئی ڈھنگ کا وزیرِ اعلیٰ تو بناتے، آپ نے پنجاب کے بلدیاتی نمائندوں کو 2 سال تک برطرف کیے رکھا۔

ان کا کہنا ہے کہ آپ نے پنجاب کی بلدیاتی قیادت اس سے چھین کر رکھی، آپ آئین شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں، پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ بغیر کسی قیادت کے ہے، ہم آپ کی تباہ کاریوں کو سمیٹ رہے ہیں اور سمیٹیں گے، آپ نے سی پیک کو تباہ کیا، تحریکِ عدم اعتماد پر پنجاب میں فیصلے کا وقت آیا تو غنڈوں سے جگ ہنسائی کی گئی، پرویز الہٰی نے اپنے بدمعاشوں اور غنڈوں سے ڈپٹی اسپیکر کو ہراساں کیا۔

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی نے کہا کہ یہ نوزائیدہ جمہوریت میں بھی نہیں ہوتا، پنجاب میں 3 ماہ سے بدترین انتظامی بحران پیدا کیا ہوا ہے، وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کو اب رونا وائرس سے پاک کریں،رونا وائرس قوم کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، اب رونا وائرس پاکستان کا راستہ نہیں روک سکتا، سی پیک کو عمران خان نےتباہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ 9 صنعتی زون میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہونی تھی، 5 صنعتی زون میں ابھی تک کام ہی شروع نہیں کیا گیا، پاکستان کا مطلب 22 کروڑ عوام کے دلوں میں زندہ ہے، غیر ذمے داری کے مظاہرے سے اپنی واپسی کے راستے بند کر رہے ہیں، توشہ خانہ سے تحفے لیتے ہیں توکسی ملک کے سربراہ کو گفٹ ہوتا ہے، اگر پیسے دے کر استعمال میں لانا تو باوقار طریقہ ہے، کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کسی وزیرِ اعظم نے اتوار بازار لگا کر فروخت کیا ہو، یہ تو کم ظرفی ہے جو تحفے بازار میں فروخت کردیے گئے۔

احسن اقبال نے کہا کہ جب بھارتی مظالم پر بیان دیتے ہیں تو وہ اسے مداخلت قرار دیتے ہیں، کشمیر پر احتجاج کرتےہیں تو بھارت مداخلت قرار دیتا ہے، پاکستان کے انسانی حقوق پر رپورٹ جاری ہوتی تو مداخلت قرار دیتے ہیں،تختہ الٹانے کے لیے کارروائی کریں تو سازش ہو گی، کوئی ملک معیشت، سیاست یا امن پر بالواسطہ حملہ کرے تو سازش ہوتی ہے، ملک کو ٹھیک کرنے کے لیے شہباز اسپیڈ سے اندازہ لگا لیں کہ نیند 4 گھنٹے تک محدود ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گیس نہیں ہے جس کی وجہ سے بجلی پیدا نہیں ہو رہی، عوام کو ریلیف کچھ وقت کے بعد ملے گا، پاکستان زخمی حالت میں ہے، اسے ایمرجنسی میں لے جا رہے ہیں پھر بہتر کریں گے، عمران خان نے ڈوبتی کشتی کو بچانے کے لیے تیل کی قیمتیں کم رکھیں، کپتان بہادر امریکا کو للکار رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان،عارف علوی اور اسد عمر ضمانت پر تھے جب عہدوں کا حلف اٹھایا، ہم پر جھوٹے کیسز بنائے گئے، میرے، شہباز شریف، سعد رفیق، شاہد خاقان عباسی کے کیسز کا فیصلہ پڑھ لیں، عدالت کہتی ہے کہ کرپشن کا کوئی ثبوت ہی نہیں، رانا ثناء اللّٰہ کو 25 کلو ہیروئین میں پھنسانےکی کوشش کی گئی جو تاریخ میں لکھا جائے گا،جھوٹے کیسز آپ نے بنائے، آپ کے خلاف کوئی جھوٹا کیس نہیں بنے گا۔

قومی خبریں سے مزید