امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کرپشن کے خلاف پاناما تک بھی جانا پڑا تو جائیں گے، حکمران عوام کی ترقی کے بجائے خود کو مضبوط کرنے میں لگے ہوئے ہیں،دو فیصد جاگیرداروں نے 98 فیصد عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔
جماعت اسلامی کے کرپشن مٹاؤ ٹرین مارچ کے آج کے سفر کا آغاز روہڑی سے ہوا، روانگی سے قبل امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ حکمران عوام کی ترقی کے بجائے خود کو مضبوط کرنے میں لگے ہوئے ہیں ۔
نوابشاہ میں بھی جماعت اسلامی کے کرپشن مٹاؤ مارچ کا شاندار استقبال کیا گیا، یہاں میڈیا سے گفتگو میں امیرجماعت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک ایسا نظام قائم کرنا ہے جہاں چوروں، ظالموں ،وڈیروں کو لٹکایا جاسکے، دو فیصد جاگیرداروں نے ملک کے 98 فیصد عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔
نوابشاہ کی طرح حیدرآباد میں بھی مارچ کے شرکا کا شاندار استقبال ہوا، کارکنوں سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ کرپشن کے خلاف انہیں پاناما تک جانا پڑا تو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 30 مئی کو اسلام آباد میں یوتھ جرگہ منعقد کیا جارہا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔