کراچی (آئی این پی) اداکارہ یشما گل نے عمرے کی ادائیگی کے دوران سابق بھارتی اداکارہ ثنا خان سے ملاقات کی ہے۔ اداکارہ یشما گل نے حال ہی میں رمضان المبارک میں اپنے والد کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کی ہے۔ اداکارہ کو عمرے کی ادائیگی کے دوران غلاف کعبہ کا ایک ٹکڑا بھی بطور تحفہ ملا تھا اور یہ خوشخبری انہوں نے اپنے تمام مداحوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔ اور اب یشما گل نے سابق بھارتی اداکارہ ثنا خان جو دین اسلام کی خاطر شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ چکی ہیں کے ساتھ عمرے کی ادائیگی کے دوران ملاقات کی ہے اور اس ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔ یشما گل نے تصاویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ اللہ تعالی نے مجھے اپنے گھر اور نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰؐ کے شہر کی زیارت کا موقع دیا۔ بعد ازاں انہوں نے ثنا خان اور ان کے شوہر انس کے ساتھ ملاقات کو ایک خوشگوار یاد قرار دیا۔ثنا خان نے یشما گل کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا میری پیاری بہن آپ سے مل کر بے حد خوشی ہوئی۔ ثنا خان نے یشما گل کو ایک بہترین روح قرار دیتے ہوئے لکھا کہ آپ میری دعائوں میں شامل رہیں گی۔ اللہ ہمیں اس دنیا اور آخرت میں متحد رکھے۔ آپ کے لیے ڈھیروں پیار۔