• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمزہ کے حلف کیخلاف اپیل لارجر بینچ کی سفارش کیساتھ چیف جسٹس کو بھیج دی گئی

لاہور ہائی کورٹ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے حلف کے خلاف تحریکِ انصاف کی انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کے دوران دو رکنی بنچ نے لارجر بینچ کی سفارش کے ساتھ اپیل چیف جسٹس کو بھیج دی۔

پی ٹی آئی کی انٹرا کورٹ اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے عدالتِ عالیہ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔

دورانِ سماعت ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے مؤقف اختیار کیا کہ بنیادی اصول ہے کہ کسی کے خلاف حکم دینا ہے تو قانونی راستہ اختیار کیا جائے۔

جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کہا کہ ہم نے خبر دیکھی ہے کہ گورنر نے نیا حکم جاری کیا ہے، اس طرح تو آپ کے مطابق وزیرِ اعلیٰ اور کابینہ بحال ہو گئی، اب چونکہ صورتِ حال بدل گئی ہے، گورنر کا حکم ہے، حلف برداری ہو گئی، کیوں نہ نوٹس کر دیا جائے، ہم اپیل کو سماعت کے لیے منظور کر کے نوٹس کر دیتے ہیں، ہم آپ کی استدعا پر لارجر بینچ کی سفارش کر دیتے ہیں۔

عدالت نے سنگل بینچ کے فیصلے میں پیرا 9 میں صدر اور گورنر کے خلاف ریمارکس معطل کر دیے۔

پی ٹی آئی کی اپیل کی مزید سماعت عید کی چھٹیوں کے بعد ہو گی۔

قومی خبریں سے مزید