ایڈمنسٹریٹر کراچی الیون اور چیف منسٹر سندھ الیون کے درمیان کے ایم سی بلڈنگ میں ایک دوستانہ نائٹ کرکٹ میچ کھیلا گیا۔
میچ میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد شاہ نے خاص طور پر شرکت کی اور اپنی ٹیم کی قیادت کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی الیون کی قیادت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کی۔
وزیر اعلیٰ سندھ اچانک کے ایم سی بلڈنگ پہنچے اور کے ایم سی کے افسران اور محکمہ جاتی سربراہان کے ساتھ گھل مل گئے اور دوستانہ میچ کھیلا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجھے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کا دورہ کرنے اور یہ میچ کھیلنے کی دعوت دی تھی اور یہاں کے ایم سی بلڈنگ میں افسران کے درمیان دوستانہ میچ ہورہا تھا جس میں اپنے زمانہ طالب علمی کی یادوں کو تازہ کرنے کے لئے آیا ہوں۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی ٹیم میں وزیر اعلیٰ سندھ کے خصوصی معاون برائے مذہبی امور فیاض علی بٹ، سیکریٹری بلدیات سندھ سید نجم شاہ اور میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی بھی شامل تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ٹیم میں کے ایم سی کے محکمہ جاتی سربراہان اور دیگر افسران شامل تھے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس نائٹ میچ کا مقصد کراچی کی رونقوں میں اضافہ کرنا ہے، نائٹ کرکٹ میچز کراچی کی پہچان بن چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مرتبہ کراچی کے مختلف علاقوں میں لاتعداد جگہوں پر نائٹ کرکٹ میچز منعقد ہورہے ہیں، جو اس بات کی علامت ہے کہ شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتر ہے اور کراچی کے شہری روایتی انداز میں رمضان المبارک گزار رہے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس شہر کی خوشیوں کو اسی طرح قائم و دائم رکھے۔
بعدازاں وزیر اعلیٰ سندھ نے کے ایم سی کی تاریخی عمارت کا دورہ کیا اور سٹی کونسل کے تزئین و آرائش کے کاموں کا بھی معائنہ کیا، انہوں نے کے ایم سی بلڈنگ کی چھت سے شہر کا نظارہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔