سرگودھا، شاہ پور صدر(نامہ نگاران) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں نے سرگودھا اور شاہ پور جیلوں کا دورہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرگودھا عتیق الرحمٰن بھنڈر نے سول جج زاہد سلیم، سپرنٹنڈنٹ جیل سلطان علی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس خان وحید اور علی امیر، ڈی پی پی شیخ عاطف وغیرہ کے ہمراہ سرگودھا جیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے معمولی مقدمات میں ملوث 19 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خوشاب سجاد حسین نے سول جج مسعود اختر کیانی کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل شاہ پور کا معائنہ کیا، اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل عبدالغفور انجم، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بابر ندیم عادل اور میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار بھی موجود تھے۔ دونوں جیلوں میں دوروں کے دوران ججوں نے اسیران کو دئیے جانے والے کھانے کا معائنہ کیا، علاج معالجہ، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔