لاہور،کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ سیل)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف پاناما تک جانے کے لیے تیار ہوں۔ شرم کی بات ہے غریب کی تنخواہ آٹھ ہزار روپے اور ایم این ایز کی تنخواہیں لاکھوں روپے میں ہیں۔ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود امریکہ ہم پر حملہ آور ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتیں اپنی مدت پوری کریں تاہم صوبائی حکومتوں نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ قومی ادارے خسارے میں جا رہے ہیں،ان کے اپنے ادارے کیسے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹرین مارچ کے تیسرے اور آخری مرحلے کے آغاز پر کیا۔جلسوں سے لیاقت بلوچ اسداللہ بھٹو ڈاکٹر معراج اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ اس وقت ٹیکسوں میں اضافہ ہو رہا ہے،ایک جانب لوڈشیڈنگ ہے دوسری طرف واپڈا والے بڑے بڑے بل بھیج رہے ہیں۔آج مزدور کی تنخواہ دس ہزار ہے میں وزیر خزانہ سے پوچھتا ہوں وہ دس ہزار میں ایک گھرانے کا بجٹ بنا کر دکھائیں۔تمھارے کتے ائیر کنڈیشن میں اور غریب عوام کے بچے فٹ پاتھ پر گندگی کے ڈھیر سے رزق تلاش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا نئے ٹی او آرز بنائیں جائیں اور بااختیار عداتی کمیشن تشکیل دیا جائے۔جس کو سزا دینے کا بھی اختیا ہو۔بعد ازاںرات گئےجماعت اسلامی کا کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ کراچی پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔امیر جماعت اسلامی نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے روشن چہروں نے میری سفری تھکاوٹ کو دور کر دیا۔حکمرانوں کا احتساب پوری قومی کا نعرہ ہے۔روزانہ 12ارب کی کرپشن ہوتی ہے،احتساب سے جمہوریت اور ریاست مضبوط ہو گی۔ٹرین مارچ کراچی پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔