وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو اندازہ ہوا ہوگا کہ غلط بات کہہ دی، اس لیے شہباز شریف کا نام لیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان ایک دن کوئی بات، دوسرے دن تردید کرکے نئی بات کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کبھی بھی سپہ سالار نہیں رہے، عمران خان کو اندازہ ہوا ہوگا غلط بات کہہ دی ہے، اس لیے اب وزیراعظم کا نام لیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان متکبر انسان ہے، اس کی جہانگیر ترین تک سے نہیں بنی، عمران خان کرتا رہے جلسے کوئی دباؤ نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت کی غلطی کے باعث عام آدمی مشکل میں ہے، دوسری طرف آئی ایم ایف ضد کرکے بیٹھا ہے، ڈیزل اور پٹرول کی قیمت بڑھائیں۔
رانا ثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ پراپیگنڈہ سے الیکشن جیتا جاسکتا تو عمران خان 2013 میں بھی جیت جاتے، پی ٹی آئی چیئرمین 25ہزار لوگ بھی لے کر نہیں پہنچ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جو مداخلت ڈھونڈ رہا ہے وہ اب نہیں ہوگی، آج ادارے اپنے کام سے کام رکھ رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب حکومت بن چکی ہے، اب کابینہ تشکیل پانی ہے، اپنے لیڈر کے پاس جانا ہم سب کے لیے اعزاز ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف صحت کے معاملات ٹھیک کرکے واپس آئیں گے، ن لیگی قائد خوش قسمت ہیں جو سوچا وہ ہوگیا۔