• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
شی جن پنگ، فائل فوٹو
شی جن پنگ، فائل فوٹو 

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی طبیعت کی ناسازی کے بعد اب چینی صدر شی جن پنگ کی خرابیٔ صحت کے حوالے سے بھی کچھ میڈیا رپورٹس سامنے آئی ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، چینی صدر شی جن پنگ دماغی مرض’سیریبرل انیوریزم‘ میں مبتلا ہیں اور اسی وجہ سے انہیں گزشتہ سال  کے آخر میں اسپتال میں داخل بھی ہونا پڑا تھا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’شی جن پنگ نے بیماری کا علاج کرنے کے لیے  سرجری کروانے کے بجائے روایتی چینی ادویات سے علاج کروانے کو ترجیح دی ہے۔

سرجری کے برعکس چین کی روایتی ادویات خون کی نالیوں کو نرم کرتی ہے اور انیوریزم کو سُکیڑتی ہے۔

چینی صدر کی صحت کے بارے میں یہ قیاس آرائیاں اس وقت ہونا شروع ہوئیں جب اُنہوں نےعالمی کورونا وباء کے پھیلاؤ کے آغاز سے لے کر بینجنگ میں منعقد ہونے والے ونٹر اولمپکس تک غیر ملکی رہنماؤں سے ملنے سے گریز کیا تھا۔

جبکہ 2019 میں کورونا وباءکے پھیلاؤ کا آغاز ہونے سے قبل بھی چینی صدر کو ان کے دورۂ اٹلی کے دوران تھوڑا لنگڑا کر چلتے ہوئے اور پھر بیٹھنے کے لیے سہارا لیتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

اسی طرح شی جن پنگ کے شینزین میں عوام سے خطاب کے لیے تاخیر سے پہنچنے، آہستہ بولنے اور کھانسنے کی وجہ سے اکتوبر 2020 میں بھی ان کی صحت کے خراب ہونے کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی گئیں تھیں۔

’سیریبرل انیوریزم‘ کس قسم کی بیماری ہے؟

جانس ہاپکنز میڈیسن سینٹر کے مطابق، یہ دماغ میں ایک شریان کے غیر معمولی پھیلاؤ سے پیدا ہونے والا غبارہ ہے جوکہ دماغ میں خون کی نالی کی دیوار میں اندرونی پٹھوں کی تہہ کے کمزور ہونے سے ہوتا ہے۔ 

اس بیماری کو ’برین انیوریزم‘ یا ’انٹرا کرینیئل انیوریزم‘ بھی کہا جاتا ہے۔

’سیریبرل انیوریزم‘ یعنی چھالے جیسے پھیلاؤ کو دوبارہ سُکیڑا بھی جاسکتا ہے اور یہ اچانک پھٹ بھی سکتا ہے۔

یہ خطرناک بیماری کیوں ہے؟

جانز ہاپکنز میڈیسن سینٹر کے مطابق، اگر سیریبرل انیوریزم پھیلتا ہے اور خون کی نالیوں کی دیوار بہت پتلی ہو جاتی ہے، تو اس کے پھٹ جانے سے دماغ میں ارد گرد کی جگہ پرخون بہے گا۔ 

اس واقعے کو ’سب اریکنوئیڈ ہیمریج (Subarachnoid Hemorrhage) کہا جاتا ہے اور یہ ہیمرج فالج کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

اس بیماری کی علامات کیا ہیں؟

جانز ہاپکنز میڈیسن سینٹر کا کہنا ہے کہ زیادہ تر سیریبرل انیوریزم کی بظاہر کوئی علامات سامنے نہیں آتی ہیں۔

تاہم، کچھ کیسزمیں سامنے آنے والی علامات میں سر درد، آنکھوں میں درد، بینائی میں تبدیلی اور آنکھوں کی حرکت میں کمی شامل ہوتی ہے۔


بین الاقوامی خبریں سے مزید