خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں ٹریفک چالان اور جرمانوں میں اضافہ کردیا گیا، جس کی تفصیلات بھی موصول ہوگئیں۔
ایس ایس پی ٹریفک پولیس عباس مجید مروت کے مطابق آخر بار جرمانوں میں اضافہ 2011ء میں ہوا تھا۔
ایس ایس پی ٹریفک پولیس عباس مجید کے مطابق ٹریفک جرمانوں میں 11 سال بعد اضافہ کیا گیا ہے۔
پشاور ٹریفک پولیس نے ٹریفک جرمانوں میں 950 فیصد تک اضافہ کیا ہے، جس کے بعد سگنل توڑنے کا جرمانہ 300 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کردیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس نے بچوں کی ڈرائیونگ پر جرمانہ 300 روپے سے بڑھا کر 5 ہزار روپے کردیا ہے۔
پشاور ٹریفک پولیس کے مطابق غلط جگہ پر گاڑی پارک کرنے پر جرمانہ 100 روپے کے بجائے 2 ہزار روپے وصول کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ پر جرمانہ 600 روپے کے بجائے اب 1500 روپے ہوگا۔
پشاور ٹریفک پولیس کے مطابق تیز رفتاری پر جرمانہ 300 روپے سے بڑھاکر ایک ہزار روپے ہوگا جبکہ سیٹ بیلٹ کے بغیر ڈرائیونگ پر ایک ہزار روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک عباس مجید مروت کے بعد ریوائز ٹریفک چالان نافذ العمل ہوچکا ہے، جرمانوں میں آخری بار 2011 میں اضافہ ہوا تھا اب 11 سال بعد جرمانے بڑھائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چالان بڑھانے کا مقصد ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔