پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شہباز گل کے سابق وزیراعظم عمران خان کے 2 موبائل فون سیالکوٹ ائیرپورٹ سے گم ہونے کا نوٹس لے لیا گیا۔
شہباز گل کے بیان پر سیالکوٹ ائیر پورٹ کی انتظامیہ اور ائیر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے نوٹس لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ائیر پورٹ انتظامیہ اور اے ایس ایف نے سابق وزیراعظم کے طیارے کی سیالکوٹ ائیر پورٹ پر لینڈنگ اور روانگی تک کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج سے مبینہ گمشدہ موبائل فونز کی چوری سے متعلق کوئی شواہد نہیں مل سکے۔
عمران خان نے خصوصی طیارے پر سیالکوٹ ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی، طیارے میں اُن کے ہمراہ شہباز گل اور شاہ محمود قریشی اور جہاز کا عملہ سوار تھا۔
ذرائع کے مطابق سیالکوٹ ائیرپورٹ پر سابق وزیراعظم کو شفقت محمود نے ریسیو کیا تھا۔
گزشتہ روزشہبازگل نےعمران خان کےسیالکوٹ ایئرپورٹ سے2 موبائل فون چوری ہونے کا ٹویٹ کیا تھا۔