سکھر(بیور ورپورٹ)سکھر کے علاقے پنوعاقل میں کلہوڑا ، میرانی اور مہیسر برادریوں کے درمیان جاری خونی تنازع کا تصفیہ ہوگیا، تصفیہ میں 5 افراد کا قتل ثابت ہونے پر فی قتل 12لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے مجموعی طور پر60لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔تصفیہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کی سربراہی میں ہوا یا نہیں یہ بات آخر تک معمہ بنی رہی،پنوعاقل میں گزشتہ کئی سال سے پانی کی چوری اور محکمہ جنگلات کی زمین کے حوالے سے کلہوڑا، میرانی اور مہیسر برادریوں کے درمیان تنازع جاری تھا اس دوران متعدد قیمتی جانوں کا نقصان ہوا، ہفتے کے روز قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کی موجودگی میں سکھر سرکٹ ہاؤس میں اس خونی تنازعے کا تصفیہ کیا گیا جس میں میر منظور خان پہنور اور مقامی رہنما آفتاب احمد سومرو، حاجی مولا بخش مہر، سردار کرم الاہی مہیسرسمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ تصفیہ میں مہیسر برادری کے تین، کلہوڑا اور میرانی برادری کے ایک ایک شخص کا قتل ثابت ہونے پر فی قتل 12 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ کلہوڑا برادری کی ایک خاتون کے قتل پر مہیسر برادری کے افراد کی جانب سے ملوث نہ ہونے کی قسم اٹھوائی جائے گی۔