• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ لگانے کا معاملہ، خاتون ٹک ٹاکر نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی

مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ لگانے کے  معاملے پر ٹک ٹاکر ڈولی نے لاہور کی مقامی عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی۔

ٹک ٹاکر کے خلاف تھانہ کوہسار میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے، ٹک ٹاکر خاتون پر مارگلہ ہلز پر آگ لگانے کے الزام پر ایف آئی آر درج ہے۔

اسلام آباد پولیس کی ٹیم ٹک ٹاکر خاتون کو گرفتار کرنے لاہور گئی ہے تاہم معروف ٹک ٹاکر ڈولی نے اسلام آباد کی پہاڑیوں پر آگ لگانے کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں خاتون ٹک ٹاکر کی جانب سے ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں ٹک ٹاکر کی شوٹ کے دوران مارگلہ کے جنگلات میں آگ لگی ہوئی نظر آرہی تھی۔

واقعے کے بعد مقبول مختصر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک کی جانب سے بیان میں بھی سامنے آیا تھا، جس میں ترجمان کا کہنا تھا کہ خطرناک یا غیرقانونی رویے کو فروغ دینے والا مواد ہماری کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی ہے، ہمارے پلیٹ فارم پر ایسے مواد کی کوئی جگہ نہیں۔

ترجمان کے مطابق خطرناک اور غیرقانونی سرگرمیوں کو فروغ دینے والے مواد کو ہٹادیا جاتا ہے اور ایسے مواد کو محدود یا لیبل کرنے کے لیے بھی کوشاں رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ مارگلہ ہلز میں اتوار کی شام آگ بھڑک اٹھی تھی جو کئی گھنٹے لگی رہی تھی۔

سی ڈی اے کے شعبہ انوائرمنٹ کے مطابق سید پور رینج جنگل نمبر 19 اور بوٹینیکل گارڈن میں آگ لگی تھی۔

قومی خبریں سے مزید