لاہور (آصف محمودسے) پنجاب انفارمیشن کمیشن نے معلومات تک رسائی کے ایکٹ 2013ء پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ملتان کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ ’’جنگ‘‘ کو موصول دستاویزات کے مطابق پیپلز کالونی بہاولپور کے موسیٰ سعید نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ملتان ریجن ملک محمد رمضان کو درخواست دی کہ اسے معلومات تک رسائی کے ایکٹ 2013ء کے تحت ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ ملتان مسٹر وکٹر جوزف کے سنگین کرپشن میں ملوث پائے جانے کے بعد ان کے خلاف ہونے والی انکوائری نمبر ACE/1077/2012کی مصدقہ نقول فراہم کی جائیں لیکن اسے یہ معلومات فراہم نہ کی گئیں۔ موسیٰ سعید نے پنجاب انفارمیشن کمیشن کو شکایت کی کہ اس نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان ریجن کو معلومات کیلئے تحریری یاددہانی کا خط بھی لکھا لیکن ایک ماہ گزر جانے کے باوجود بھی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے اسے یہ معلومات فراہم نہیں کیں۔ کمشنر انفارمیشن کمیشن مختار احمد علی نے گزشتہ روز ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ملتان کو حکم دیا کہ وہ 7روز کے اندر شکایت کنندہ کو مطلوبہ معلومات فراہم کریں ۔ اگر مذکورہ مدت میں معلومات شکایت کنندہ کو فراہم نہ کی گئیں تو ان کے خلاف سیکشن 15اور 16کے مطابق فوجداری ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔