• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار و میزبان نعمان اعجاز نے اپنی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر زیرِ گردش افواہوں کی تردید کردی۔

یوٹیوب پر ایک خبر شیئر کی گئی جس میں کہا گیا کہ نعمان اعجاز کی حالت تشویشناک ہے، وہ زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

اب نعمان اعجاز نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

نعمان اعجاز نے دلچسپ انداز میں کہا کہ ’اسلام علیکم! میں نعمان اعجاز سیدھا جنت سے، آپ سب سے مخاطب ہوں۔‘

اداکار نے کہا کہ ’گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر یہ خبر چلی کہ میری حالت نازک ہے اور میں زندگی، موت کی کشمکش میں ہوں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جس بھائی نے یہ خبر چلائی، اُسے ڈھیروں فالوورز مل گئے ہوں گے اور ساتھ ہی شاید یوٹیوب کی جانب سے 400 یا 500 ڈالرز کا چیک بھی دے دیں گے لیکن میں جنت میں پہنچ گیا ہوں۔‘

ویڈیو پیغام میں نعمان اعجاز نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’میں اس وقت جنت انجوائے کررہا ہوں اور دُعا بھی کررہا ہوں کہ خبر چلانے والا بھائی بھی جلدی جنت میں آجائے تاکہ ہم آگے کا منصوبہ بنائیں کہ اب کس کو سوشل میڈیا پر مارنا ہے۔‘

آخر میں اُنہوں نے کہا کہ ’آج کل لوگ بےحس ہوچکے ہیں، انہیں ذرا شرم نہیں آتی کہ اس طرح کی خبروں سے دوسرے لوگوں کو کس قدر پریشانی ہوگی۔‘

انٹرٹینمنٹ سے مزید