• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حج آپریشن کا آغاز 31 مئی سے ہوگا، پی آئی اے کی وزیر ہوابازی کو بریفنگ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

قومی ایئرلائن پی آئی اے کی انتظامیہ نے وزیر ہوابازی کو اہم امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں حج آپریشن کا آغاز 31 مئی سے ہوگا۔ 

وفاقی وزیر کو حج آپریشن، مذہبی زیارات اور اندرون و بیرون ملک سیاحت کے فروغ، فضائی بیڑے میں اضافے جیسے اہم معملات پر بریفنگ دی گئی۔

منصوبے کے مطابق قومی ایئرلائن 31 مئی سے حج آپریشن کا آغاز کرے گا۔

حج آپریشن پاکستان کے 8 شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اور کوئٹہ سے کیا جائے گا جبکہ سعودی عرب میں حج پروازیں جدہ اور مدینہ منورہ جائیں گی۔

پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن 297 پروازوں کے ذریعے 13 اگست تک جاری رہے گا

وزیر ہوابازی سعد رفیق نے ہدایت کی ہے کہ پی آئی اے اس مقصد کے لیے 1 بوئنگ 777 اور 1 ایئربس 320 کو طویل مدتی اسٹوریج سے نکالے۔

اسی طرح 4 ایئربس 320 طیارے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہونا شروع ہوگئے۔

ایک طیارہ گزشتہ ہفتے پاکستان پہنچ گیا، جس کی کسٹم اور ایف بی آر سے کلیئرنس کروائی جارہی ہے جبکہ دوسرا طیارہ اس ماہ کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گا۔

وزیر ہوابازی کا کہنا تھا کہ اضافی جہازوں کی بیڑے میں شمولیت سے فضائی آپریشن کو تقویت ملے گی اور نیٹ ورک کی وسعت میں مددگار ثابت ہوگی۔

ادھر پی آئی اے زائرین کی سہولت کے لیے دمشق اور نجف الاشرف کے فضائی آپریشن کو بھی وسعت دے رہا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی کہ عاشورہ اور اربعین کے موقع پر پی آئی اے دمشق اور نجف کی اضافی پروازیں بھی چلائے۔

پاکستانی سیاحوں کی سہولت کی خاطر پی آئی اے نے باکو (آذربائیجان) کی پروازوں کو بھی دگنا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کے لیے اسکردو، گلگت اور چترال کی پروازوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے۔

اسکردو کی ہفتہ وار 18، گلگت کی ہفتہ وار 24 اور چترال کی ہفتہ وار 2 پروازیں لگائی جارہی ہیں۔

ان پروازوں کو اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور اور ملک کے دیگر شہروں سے بھی منسلک کیا جارہا ہے۔

وزیر ہوابازی کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کارگو کے شعبے پر خصوصی توجہ دے اور اس کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات پر مشتمل سفارشات لے کر آئے۔

ہوابازی خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اپنے بزنس کلاس پروڈکٹ کو بہتر بنانے کے لیے کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر بزنس کلاس لاوئنجز کی تزین و آرائش کروائے۔

قومی خبریں سے مزید