• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریلوے ورکرز نے ہڑتال کی دھمکی دیدی، پسنجر اور مال بردار ٹرینیں چلائے رکھنے کے ہنگامی منصوبے پر غور

لندن (پی اے) ریلوے ورکرز کی جانب سے ہڑتال کی دھمکی کے بعد پسنجر اور مال بردار ٹرینیں چلائے رکھنے کے ہنگامی منصوبے پر غور شروع کردیا گیا ہے۔ ریل اور میری ٹائم ورکرز یونین ہڑتال کا فیصلہ کرنے کیلئے اپنے 40,000 ورکرز کی رائے شماری کرائے گی۔ ہڑتال کی صورت میں اشیاء کی ترسیل اور سپر مارکیٹ کے شیلف کو اشیاء سے بھرا رکھنا بہت مشکل ہوجائے گا۔ ہڑتال کیلئے رائے شماری کاعمل منگل کو مکمل ہونے کا امکان ہے۔ ریلوے کے ملازمین میں نیٹ ورک ریلوے اور ٹرینیں چلانے والی 15دیگر کمپنیوں کے ملازمین شامل ہیں۔ یونین کا کہنا ہےکہ یہ ہڑتال تنخواہوں، لازمی چھانٹی، اسٹاف کے تحفظ کے حوالے سے پیدا ہونے والے خدشات کی وجہ سے کی جا رہی ہے۔ یونین نے سکاٹ لینڈ میں بھی تنخواہوں میں صرف 2.2فیصد اضافے کی پیشکش اور مجوزہ ٹائم ٹیبل کے خلاف، جسے یونین نے ورکرز کے منہ پر گھونسا مارنے کے مترادف قرار دیا ہے، ہڑتال کیلئے ووٹنگ کرانے کا اعلان کیا ہے۔ ٹرانسپورٹ کے تنخواہ دار عملے کی ایسوسی ایشن نے تنخواہوں کا تنازعہ طے نہ کرنے کی صورت میں اسی طرح کی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔ TSSA کے جنرل سیکرٹری نے بتایا ہے کہ بہت سے ملازمین کی گزشتہ دو سال سے تنخواہ نہیں بڑھائی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تنخواہوں اور اجرتوں میں افراط زر کی مناسبت سے اضافہ نہ کیا گیا تو موسم گرما بے چینی میں گزرے گا۔ ٹرانسپورٹ کے وزیر گرانٹ شیپ صورت حال پر صلاح ومشورےکیلئے وزیراعظم اور چانسلر سے اگلے ہفتے ملاقات کریں گے کیونکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ہڑتال 2015 میں جونیئر ڈاکٹروں کی واک آئوٹ سے پیدا ہونے والی صورت حال سے بھی زیادہ خراب ہوگی۔ آر ایم ٹی نے ہڑتال کے بارے میں مزید تفصیلات واضح نہیں کی ہیں۔ ریل ڈلیوری گروپ نے ہڑتال کیلئے ووٹنگ کو قبل از وقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کے اثرات کم کرنے کیلئے ہنگامی منصوبہ تیار کر رہا ہے۔ RDGکے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے ریلوے کا غیر معمولی جھٹکا لگا ہے۔ اب ہمیں سفر کا نیاطریقہ اپنانے کی ضرورت ہے، جس کے تحت ہمیں ٹیکس دہندگان سے اپنے جائز حصے سے زیادہ کچھ مانگنے کی ضرورت نہ رہے۔ انھوں نے کہا کہ ریل کی آمدورفت میں خلل سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ آر ایم ٹی کی قیادت کو اس تباہ کن غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ کرنا چاہئے۔ نیٹ ورک ریل کے ریجنل ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات پر افسوس ہوا ہے کہ آر ایم ٹی نے یہ فیصلہ کیا اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ کام کریں، ہمارے خلاف نہیں کیونکہ ہم مستقبل کیلئے ایک افورڈیبل ریلوے کی تعمیر چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم کسی ایسی تبدیلی پر غور نہیں کریں گے جو ریلوے کو کم محفوظ بناتی ہو۔

یورپ سے سے مزید