• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طاہر القادری کا عمران خان کے لانگ مارچ سے اظہار لاتعلقی


پاکستان عوامی تحریک کے رہنما علامہ طاہر القادری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے لانگ مارچ سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔

ایک بیان میں علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ساڑھے 3 سال میں سانحہ ماڈل ٹاؤن متاثرین کے لیے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسی سرد مہری کا مظاہر ہ کیا جیسے کچھ ہوا ہی نہیں تھا، ان کی جنگ ہم نہیں لڑ سکتے، کارکن خاموش رہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے کارکن کسی کے احتجاج کا حصہ نہیں بنیں گے۔

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے۔

عمران خان نےواضح پیغام دیا کہ نیوٹرل رہنے کا کہنے والے اب نیوٹرل رہیں۔ بیورو کریسی کو بھی دھمکی دی کہ کوئی غیر قانونی کام کیا تو ایکشن لیں گے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نےحکومت سے اسمبلی توڑنے اور انتخابات کرانے کی تاریخ مانگی اور صاف شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔

دوسری جانب اتحادی حکومت نے اپنی مدت پوری کرنے اور مشکل فیصلے کرنے کا فیصلہ کیا تھا، یہ فیصلہ اتحادی حکومت کے رہنماؤں کے درمیان رابطوں کے نتیجے میں کیاگیا تھا۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد سیاسی رہنماؤں میں مشاورت ہوئی، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ قبل ازوقت انتخابات نہیں کرائے جائیں گے، حکومت 2023ء تک اپنی مدت پوری کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید