وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کوئی جمہوریت یا آئین فتنہ اور فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دیتا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ ریاست کی رٹ پر ہرصورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فسادی اور فتنہ ٹولہ پھر فساد پر اُتر آیا ہے، ریاستی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، شہریوں کو تحفظ فراہم کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ساجد بخاری پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر ہیں، اُن کی چھت سے فائرنگ ہوئی، فسادی ٹولے نے پولیس کانسٹیبل کے قتل کی مذمت تک نہ کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام نے دیکھا، جتھے نے 2014ء میں پارلیمنٹ پر حملہ کیا، 126دن اسلام آباد میں کوئی کاروبار یا اسکول نہ کھل سکے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ یہ دھرنا ہے کس چیز کا، کیا اپنی چوری اور نالائقی پر ہے،11 اپریل تک آپ وزیراعظم تھے، الیکشن کروالیتے۔
انہوں نے کہا کہ کیا اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ کالعدم کرنے پر دھرنا دے رہے ہیں، خونی مارچ کا اعلان کرکے آپ ملک میں کیا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے یہ بھی کہا کہ یہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آپس میں گتھم گتھا کرانا چاہتےہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس بات کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے کیا وہ انتشار اور فساد پھیلانے والوں کا ساتھ دیں؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ انتشار اور تشدد پر اکسانا اظہار رائے کی آزادی نہیں، انٹیلی جنس رپورٹس ہیں کہ پی ٹی آئی والے مسلح ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فسادی اور فتنہ ٹولہ پھر فساد پر اتر آیا ہے، فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسٹیٹ کی رٹ پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2014 میں یہ شخص اعلان کرکے آیا تھا کہ میں پرامن رہوں گا، اس وقت چین کے صدر کو آنا تھا، ملک میں توانائی کے منصوبے آنا تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت عمران خان نے اعلان کیا کہ پرُامن آرہے ہیں، وہ یہاں 126 دن بیٹھا، پارلیمنٹ پر حملہ کیا، پی ٹی وی پر حملہ کیا اور سول نافرمانی کی کھلے عام کال دی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ انہوں نے پولیس والوں کے سر پھاڑے، پارلیمنٹیرینز پارلیمنٹ میں سیدھے دروازے سے نہیں جاسکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جتھے نے حملہ کیا ہوا تھا اور ڈی چوک پر قبضہ کیا ہوا تھا، یہ دھرنا ہے کس چیز کے اوپر؟، کیا یہ دھرنا آپ اپنی نالائقی اور چوری پر دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کیا یہ دھرنا 43 ہزار ارب کے قرضے اور مہنگائی پر دے رہے ہیں، یہ دھرنا ہے کس چیز کا، کیا یہ الیکشن کا دھرنا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ جب عدم اعتماد ہار گئے تو آپ نے اسمبلی توڑی؟، ان کے کھلم کھلا اعلانات ہیں، میں آرہا ہوں، خونی مارچ ہوگا ،فساد اور خونی احتجاج کی آئین اجازت نہیں دیتا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر ان کا مقصد انتشار اور فساد پھیلانا نہ ہوتا تو نہ روکتے، یہ پشاور سے کیوں نکل رہے ہیں، یہ ملک میں فساد اور انتشار چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی ٹولہ ہے جس نے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیاتھا، جو لوٹ مار انہوں نے برپا کی، اسی وجہ سے مہنگائی اور معاشی بدحالی ہے، یہی وہ وجوہات ہیں جو عوام کو پتہ ہونی چاہئیں۔